• news

بھارت: ٹرک ڈرائیور علی محمد کی 11 روز کی دن رات محنت کے بعد ضمانت پر رہائی

لاہور (خبرنگار) ازلی دشمن بھارت کی سرزمین پر سلاخوں کے پیچھے پہنچنے والے جنوبی وزیرستان کے ٹرک ڈرائیور علی محمد کو 11 دن کی دن رات محنت اور کوششوں کے بعد بالآخر ضمانت پر رہائی مل گئی۔ علی محمد کو پاکستانی ہائی کمشن کی ضمانت پر عدالت سے رہائی کا پروانہ ملا۔ ان کی رہائی کیلئے کلکٹر کسٹمز لاہور مکرم جاہ، ڈپٹی کلکٹر واہگہ اولمپیئن توقیر ڈار، علی محمد کی کمپنی آئیڈیل انٹرپرائزز کے مالک شفیع اللہ نے بیحد کوششیں کیں، بھارت میں شفیع اللہ سے جپسم منگانے والے نارائن امیپکس کے مالک راج دیپ نے اہم کردار ادا کیا جنہوں نے علی محمد کا بھارتی تھانے میں سلاخوں کے پیچھے ساتھ نبھایا۔ علی محمد کی ضمانت پر رہائی میں تاخیر کی وجہ پاکستانی ہائی کمشن کے عملے کو ’’پنجاب‘‘ میں داخلے کی اجازت ملنے میں تاخیر بتایا گیا ہے۔ علی محمد کی عدالت میں آئندہ پیشی 12 مئی کو متوقع ہے اس موقع پر توقع ہے کہ کچل کر ہلاک ہونیوالے بھارتی مزدور کی فیملی سے صلح نامہ عدالت میں پیش کر دیا جائیگا۔ علی محمد کو تھانے سے رہائی ملنے کے بعد راج دیپ سنگھ نے اسے سکھوں کے گوردوارے کے مہمان خانے میں ٹھہرایا ہے۔ علی محمد کی موبائل فون پر ڈیرہ اسماعیل خان میں موجود اس کی والدہ اور بھائیوں سے گفتگو کرائی گئی۔ لاہور میں موجود اس کے کزن قطب الدین سے بھی علی محمد نے بات کی اور اپنی خیریت سے آگاہ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن