1988ء میں نواز شریف کی پلاٹوں کی تقسیم کیخلاف درخواست، ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ ایل ڈی اے کی طلبی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ نے نواز شریف کی طرف سے بطور وزیر اعلیٰ گارڈن ٹائون میں پلاٹوں کی تقسیم کے خلاف دائر درخواست پر ایل ڈی اے ڈائریکٹر اسٹیٹ مینجمنٹ کو چھبیس مئی کو جواب سمیت طلب کر لیا۔ جسٹس فرخ عرفان خان نے ایڈووکیٹ نوشاب اے خان کی فریق بننے کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا 1988ء میں نواز شریف نے بطور وزیر اعلیٰ گارڈن ٹائون میں سرکاری اراضی من پسند افراد کو الاٹ کی، گارڈن ٹاون میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے لئے نہ تو نیلامی کروائی گئی اور نہ ہی مارکیٹ ویلیو کے مطابق قیمت وصول کی گئی لہٰذا گارڈن ٹاون میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ کے خلاف سال 2003 میں اظہر جاوید کی جانب سے دائر درخواست میں فریق بننے کی اجازت دی جائے، عدالت نے درخواست گزار ایڈووکیٹ کی استدعا منظور کر لی۔ عدالت نے حکم دیا کہ بتایا جائے کہ 1988ء میں وزیر اعلیٰ نے کن حالات کے تحت اپنے صوابدیدی اختیارات استعمال کئے اور وزیر اعلیٰ کی طرف سے کتنے الاٹ شدہ پلاٹ کینسل کئے گئے۔ عدالت نے ایل ڈی اے کو مزید حکم دیا ہے کہ ستائیس برس نیلام کئے گئے پلاٹوں کی کل قیمت کی تفصیلات بھی پیش کی جائیں۔