پنجاب بڑے بھائی کی طرح دوسرے صوبوں کی ہر ممکن مدد کر رہا ہے: حمزہ شہباز
لاہور ( پ ر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ پنجاب بڑے بھائی کی طرح دوسرے صوبوں کی ہرممکن مدد کررہا ہے۔ پنجاب ترقی میں دوسرے صوبوں کیلئے رول ماڈل بن چکا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پورے ملک کے عوام کو ترقی کے ثمرات سے یکساں طور پر بہرہ مندکرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ حمزہ شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار میئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ، ڈپٹی میئر کوئٹہ محمد یونس بلوچ اور کوئٹہ کارپوریشن کے دیگر عہدیداران پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پنجاب نے پہلے ہی بلوچستان میں عوام کیلئے ایک عظیم الشان ہسپتال کی تعمیر شروع کر رکھی ہے اورکوئٹہ کے رہائشیوں کو درپیش مسائل کے حل میں ہر قسم کی معاونت کیلئے تیار ہے ۔ کوئٹہ میں حکومت پنجاب فلٹریشن پلانٹ نصب کرکے اہل شہر کوتحفہ دے گی۔ میئرکوئٹہ کارپوریشن ڈاکٹر کلیم اللہ نے حمزہ شہبازشریف کو بتایا کہ کوئٹہ شہر میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ،سٹریٹ لائٹ، سلاٹر ہائوس اور شہر میں شاہرات و پلوںکی تعمیر کے سلسلے میں ان کے وفد نے لاہورشہرکے ماڈل کا مشاہدہ کیا ہے اور انہو ں نے کہاکہ وہ کوئٹہ شہر میں سولر انرجی منصوبے کی بنیاد رکھنا چاہتے ہیں ۔ حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب حکومت اپنی پالیسیوں اور اقدامات سے پورے ملک کے عوام کو اتحاد و یگانگت اور بھائی چارے کی لڑی میں پرونے اور وطن عزیز کو قائد واقبال کا حقیقی پاکستان بنانے کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔