• news

نیشنل سکیورٹی ایجنسی کا فون ریکارڈ جمع کرنا غیر قانونی ہے: امریکی اپیل کورٹ

واشنگٹن ( نوائے وقت رپورٹ+ نما ئندہ خصوصی ) امریکی اپیل کورٹ نے فیصلہ سنایا ہے کہ نیشنل سکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کی جانب سے بڑی تعداد میں شہریوں کا فون ریکارڈ جمع کرنا غیر قانونی ہے۔اقدام حب الوطنی ایکٹ کے خلاف ہے۔ امریکی اپیل کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ماتحت عدالت نے این ایس اے کی پروگرام کی آئینی حیثیت کی درخواست کو مسترد کر کے غلط فیصلہ کیا تھا۔اپیل کورٹ کے اس فیصلے کے بعد سنہ 2013 میں این ایس اے کی پروگرام کو قانونی قرار دیے جانے کا فیصلہ کالعدم ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ این ایس اے کی جانب سے خفیہ طور پر فون کالیں سننے کے اس پروگرام کو این ایس اے کے سابق اہلکار ایڈورڈ سنوڈن نے افشا کیا تھا۔اس پروگرام کی تفصیلات منظر عام پر لانے سے قبل وہ امریکہ چھوڑ گئے تھے اور آج کل روس میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔امریکی اپیل کورٹ نے این ایس اے کے اس پروگرام کی آئینی حیثیت پر کوئی فیصلہ نہیں دیا۔ تاہم فیصلے میں یہ کہا گیا ہے کہ کانگریس کی جانب سے پیٹریئٹ ایکٹ میں انسداد دہشت گردی کے لیے جو اقدامات تجویز کیے گئے تھے، حکومت نے ان اقدامات سے تجاوز کیا ہے۔اپیل کورٹ نے کہا کہ ’ایسے شواہد نہیں ملے کہ کانگریس نے جب یہ قانون بنایا تھا تو اس میں بڑی تعداد میں فون کالیں یا تعلیمی اسناد جمع کرنا شامل تھا۔

ای پیپر-دی نیشن