’’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘‘ پروگرام سے زراعت و صنعت ترقی کرے گی: عبدالباسط
لاہور )کامرس رپورٹر) پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے پروگرام پنجاب کو کم وقت میں زرعی اور صنعتی ترقی سے ہمکنار کرے گا ۔ بڑے شہروں کے لیے میٹرو بس اور دیہی علاقوں میں پختہ سڑکوں کی تعمیر کا انقلابی پروگرام شروع کرنے پر وزیراعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ عوام کسان اور کاروباری طبقہ خوشحالی کے ضامن تمام پروگراموں میں دست و بازو بننے میں فخر محسوس کریں گے ۔ اپنے بیان میں لاہورچیمبر کے سابق سینئر نائب صدر اور پنجاب انویسٹمنٹ بورڈ اینڈ ٹریڈ کے چیئرمین عبدالباسط نے کہا کہ شہباز شریف ایسے سیاست دان ہیں جو عمل اور کارکردگی پر یقین رکھتے ہیں ۔ انہوں نے بین الاقوامی معیار کی سڑکوں کی تعمیر کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ بجلی کی قلت موجودہ حکومت کو ورثے میں ملی لیکن حکومت نے لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے لیے دن رات ایک کیا ہوا ہے ۔