• news

”خبردار“ ایبولا وائرس خون میں سرایت کرنے کے ساتھ ساتھ آنکھوں پر بھی حملہ کرسکتا ہے: طبی ماہرین

واشنگٹن (نیٹ نیوز) طبی ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ ایبولا وائرس مریض کی آنکھوں پر بھی حملہ کردیتا ہے۔ ایک امریکی ڈاکٹر کی آنکھوں میں ایبولا کے وائرس نے حملہ کرکے اسے شدید اذیت سے دوچار کردیا۔ ڈاکٹر لین کروزیر اقوام متحدہ میڈیکل مشن کے تحت سیرالیون میں ایبولا کے پھیلاﺅ پر قابو پانے کیلئے کام کرتے رہے تھے۔، پچھلے برس انہیں انکے خون میں ایبولا وائرس کے ٹیسٹ پازیٹو آنے پر واپس امریکہ بھجوا کر اٹلانٹا کے ایموری یونیورسٹی ہسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں ان کا مکمل علاج ہوا اور وہ اس جان لیوا بیماری سے صحت یاب ہوگئے، بلڈ ٹیسٹ بھی نیگٹیو آئے تاہم کچھ عرصہ بعد ڈاکٹر لین کروزیر کی دائیں آنکھ میں انفیکشن شروع ہوا۔ ان کی آنکھ میں درد اور جلن کے ساتھ پتلیوں کا رنگ نیلے سے بدل کر ہرا ہوگیا جبکہ آنکھ کا بلڈ پریشر بھی بہت زیادہ تھا۔ ڈاکٹر لین کا دوبارہ ایموری یونیورسٹی ہسپتال میں علاج جاری ہے اور طبی ماہرین کسی موذی وائرس کے آنکھوں پر حملہ کرنے کے معاملے پر سرجوڑ کر بیٹھ گئے۔ یاد رہے کہ ایبولا، ڈینگی، ایڈز یا ہیپاٹائٹس کے وائرس عموماً آنکھوں کو متاثر نہیں کرتے۔
ایبولا وائرس

ای پیپر-دی نیشن