حادثے میں مارے جانے والے سفیر جمعرات کو روسی سفیر کی دعوت میں شریک ہوئے، گلگت کی سیر کیلئے پرجوش تھے
اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) جمعرات کی رات روس کے سفیر کی طرف سے دوسری جنگ عظیم کی 70 ویں سالگرہ تقریب میں ہیلی کاپٹر حادثہ میں ہلاک ہونے والے ناروے اور فلپائن کے سفیر بھی شریک تھے۔ روسی سفیر کی طرف سے دیے گئے استقبالیہ میں پاکستان میں موجود غیرملکی سفیر شمالی علاقہ کی سیر کے بارے میں بہت پرجوش تھے۔ وہ پاکستان کے شمالی علاقوں کے حسن کے گرویدہ نظر آتے تھے۔ جمعہ کے روز چالیس ممالک کے سفیروں اور ان کے بیگمات نے گلگت اور شمالی علاقوں کی سیر کا پروگرام بنایا تھا۔ فوج کے ایوی ایشن ونگ نے چار ہیلی کاپٹروں میں ان کو شمالی علاقوں کی سیر کے لئے لے جانا تھا۔ جبکہ رومانیہ کے سفیر ایمائل شین کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ شمالی علاقوں کی سیر کے لئے جانے والے ان سفیروں میں جرمنی، فرانس، ناروے، نیدر لینڈ، ارجنٹائن، پولینڈ، فلپائن، انڈونیشیا، ملائشیا کے سفیر بھی شامل تھے۔