آر اوز کے پاس کتنے بیلٹ پیپر تھے الیکشن کمشن لاعلم تھا‘ ہر حلقے میں ایک لاکھ تک اضافی بھجوائے گئے: عمران
اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت + آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمشن میں اہم باتیں سامنے آرہی ہیں، الیکشن کمشن نے ریٹرننگ افسروں کو بیلٹ پیپر دینے کی کوئی پالیسی نہیں بنائی تھی۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمشن کو نہیں پتا تھا کہ آر اوز کے پاس کتنے بیلٹ پیپر تھے۔ اجلاس میں زائد بیلٹ پیپر کا انکشاف اہم ہے۔ الیکشن 2013 میں تین سے لیکر ایک لاکھ سے زائد بیلٹ پیپر رجسٹرڈ ووٹوں سے زائد بھجوائے گئے۔ اضافی بیلٹ پیپر مختلف آراوز کے پاس گئے، بیلٹ پیپر چھپوانے کے حوالے سابق چیف سیکرٹری نے بیان دیا کہ 9مئی کو کال آئی تھی۔ جبکہ الیکشن کمیشن حکام کا کہنا ہے کہ 7مئی کو کال کی تھی۔ نوازشریف کی الیکشن کی رات تقریر بھی الیکشن کمشن کے قوانین کیخلاف تھی کیوںکہ انتخابات کے 48گھنٹوں تک کوئی سیاسی بیان جاری نہیں کیا جاسکتا۔ آن لائن کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے ہر حلقے میں ایک لاکھ تک اضافی بیلٹ پیپرز بھجوائے گئے۔ اگر بیلٹ پیپر راولپنڈی میں چھپوانے تھے تو پھر لاہور سے لوگوں کو کیوں بلوایا گیا۔ جو ایکسٹرا بیلٹ پیپر چھپوائے گئے وہ ریٹرننگ افسروں کے پاس تھے ان کا پنجاب الیکشن کمشن کے پاس کوئی ریکارڈ نہیں۔