جنت دیکھنے گئے تھے، دہشت گردی نہیں ہوئی، ہیلی کاپٹر چکر کھاتا ہوا گر گیا، زخمی سفارتکار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) نلتر حادثے میں زخمی ہونے والے عینی شاہد سفارتکاروں نے کہا ہے کہ پاک فوج کے جوانوں نے بڑی جواں مردی کا مظاہرہ کیا۔ اتنے بڑے حادثے کے بعد بھی کئی زندگیاں بچا لی گئیں۔ ہیلی کاپٹر کا حادثہ دہشت گردی کا نتیجہ نہیں اس پہلو کو مسترد کرتے ہیں۔ حادثہ فنی خرابی کے باعث پیش آیا۔ پاک فوج کے جوانوں نے بہتر دیکھ بھال کی۔ یقین تھا کہ محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ ہیلی کاپٹر میں موجود جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر نے کہا کہ لینڈنگ سے ذرا پہلے سب کچھ معمول پر تھا یہ ایک ناگہانی حادثہ تھا جو دنیا میں کہیں بھی رونما ہو سکتا ہے۔ عینی شاہد جنوبی افریقی سفارتکار نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے بڑی جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کئی زندگیاں بچا لیں۔ حادثے میں زخمی سفارتکاروں نے پھر گلگت اور نلترجانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ملائشین سفیر نے کہا کہ انہوں نے اپنی آنکھوں کے سامنے ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کو حادثے میں مرتے وقت دیکھا میں نے حادثے کے بعد باہر نکلنے کی کوشش کی مگر ہر طرف آگ تھی اور ہیلی کاپٹر میں دھواں بھر گیا تھا۔ ہالینڈ کے سفیر کا کہنا تھا کہ حادثے کے بعد جب میری آنکھیں کھلیں تو ہر طرف آگ تھی میرا بچ جانا خوش قسمتی ہے۔