شمالی کوریا کا آبدوز کے ذریعے میزائل لانچ کرنے کا دعویٰ
پیانگ یانگ (بی بی سی) شمالی کوریا نے آبدوز کے ذریعے میزائل لانچ کرنے کا کامیاب تجربہ کرنے کا د عویٰ کیا ہے اور اگر یہ معلومات درست ثابت ہوتی ہیں تو اسے شمالی کوریا کی عسکری صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔ ابھی تک آزاد ذرائع نے شمالی کوریا کے اس تجربے کی تصدیق نہیں کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق آبدوز کے ذریعے میزائل فائر کرنے کا تجربہ ملک کے مشرقی ساحلی شہر سنپو میں کیاگیا۔ رواں سال کے آغاز میں اسی علاقے سے سیٹلائٹ کے ذریعے چند تصاویر جاری کیگئی تھیں جن میں مسلح آبدوز کو دکھایا گیا تھا۔ رپورٹس کے مطابق شمالی کوریا کے سپریم کمانڈر کم جانگ ان نے کہا ہے کہ اب ان کے ملک کے پاس دنیا میں اعلیٰ صلاحیت کا حامل ہتیھار ہے جس کے ذریعے وہ ان کے ملک کی جانب بڑھنے والی افواج کو سمندر سے بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔ خیال رہے کہ اس قسم کا تجربہ کرنا اقوام متحدہ کی ان پابندیوں کی خلاف ورزی ہے جن کے تحت شمالی کوریا بیلسٹک میزائل ٹیکنالوجی کا تجربہ نہیں کر سکتا۔