مسئلہ کشمیر کے حل تک گلگت بلتستان پاکستان کا صوبہ نہیں بن سکتا: صدر آزاد کشمیر
اسلام آباد (آن لائن) صدر آزاد کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل تک گلگت بلتستان پاکستان کا صوبہ نہیں بن سکتا، آزاد کشمیر میں ہر سرکاری وتعلیمی ادارے میں گلگت بلتستان کے عوام کیلئے کوٹہ رکھا ہے،ہندوستان کشمیریوں پر نہیں دراصل خود پر ظلم کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کو پاکستا ن کا صوبہ بنانے کیلئے پاکستان کے آئین اور نقشے میں ترمیم ضروری ہے جو ابھی تک نہیں ہوئی نہ کبھی ہوسکے گی کیونکہ اس سے مسئلہ کشمیر متاثر ہوگا،ہندوستان کشمیریوں پر نہیں دراصل خود پر ظلم کر رہا ہے کیونکہ وہ پاکستان دشمنی پر اسقدر آگے جاچکا ہے کہ اسکے اندر بغاوت کی کئی تحریکیں چل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب میں گلگت گیا تو چار کلومیٹر تک میرا استقبال ہوتا رہا اوورسیز کشمیری بیرون دنیا میں ہمارے سفارتکار ہیں اورکشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنے کیلئے وہ اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اقتصادی راہداری کے حوالے سے سوال پر انہو ںنے کہا کہ کشمیر کو اقتصادی راہداری سے وہی کچھ ملے گا جو گلگت بلتستان کو ملے گا کیونکہ وہ کشمیر کا حصہ ہے۔