اوورسیز پاکستانی سرمایہ ہیں، وطن عزیز کی ترقی کیلئے حکومت کا ہاتھ بٹائیں : نامزد گورنر پنجاب
برسلز (وقار ملک) اوورسیز پاکستانی ملک کا اصل سرمایہ ہیں وہ ہماری سوہنی دھرتی کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار نامزد گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے گورنر بننے کی خوشی پاکستان سمیت دنیا بھر میں منائی ا رہی ہے لیکن میری پاکستانی قوم سے درخواست ہے کہ وہ خوشی کا اظہار نوافل پڑھ کر کریں۔ جن ممالک میں رہ رہے ہیں ان ممالک کی ترقی معیشت کے استحکام کیلئے جدوجہد کریں اور ساتھ ساتھ اپنے ملک کو بھی مستحکم کرنے کے لئے حکومت کا ہاتھ بٹائیں وہاں کی لوکل سیاست میں حصہ لے کر پاکستان کا نام اور مقام بلند کریں گورنر نے کہا کہ موجودہ حکومت اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی رکھتی ہے میاں محمد نوازشریف کی حکومت عوام کو مسائل کے گرداب سے باہر نکال کر دم لے گی قوم ایک پلیٹ فارم پر متحد ہو جائے۔