• news

سانحہ گلگت : مرنیوالوں کی شناخت کے لئے4 غیر ملکی وفود، فرانزک ٹیم پہنچ گئی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ سٹاف رپورٹر) نلتر میں ہیلی کاپٹر حادثے میں مرنے والے سفیروں اور بیگمات کی نعشوں کی شناخت کیلئے ناروے، فلپائن، انڈونیشیا، ملائیشیا اور ہالینڈ کے اعلیٰ سطح کے وفود اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے اتوار کے روز دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا ہے کہ سانحہ نلتر میں جاں بحق افراد کی میتیں اور زخمیوں کو اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔ حکومت کی ہدایت پر ڈی این اے ماہرین اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ ماہرین نعشوں کے فرانزک نمونے حاصل کریں گے اور مکمل رپورٹ مرتب کر کے حکومت کو حقائق سے آگاہ کریں گے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ناروے کا اعلیٰ سطح وفد پاکستان پہنچ چکا ہے اور وفد کے ساتھ ناروے کے فرانزک ماہرین بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ فلپائن، انڈونیشیا، ملائیشیا اور ہالینڈ کے بھی اعلیٰ سطحی وفود اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔ فلپائن کے وفد کے ساتھ فلپائن کے نائب وزیر خارجہ بھی شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق ہالینڈ کے زخمی سفیر کو لے جانے کے لئے ایئرایمبولینس جلد پاکستان پہنچ جائے گی اور زخمی سفیر اپنے وفد کے ساتھ ہالینڈ جائیں گے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ممالک کے وفود نے دفتر خارجہ کے حکام سے ملاقاتیں کی ہیں جس میں ان کو سانحہ نلتر کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا ہے اور سانحے کے حقائق کے بارے میں بتایا ہے جبکہ زخمیوں کے علاج سے متعلق بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا ہے جس پر غیرملکی وفود نے اطمینان کا اظہار کیا اور وفود نے حکومت کا انتظامات پر بھی شکریہ ادا کیا ہے۔ ترجما ن کا کہنا تھا کہ سانحہ نلتر میں ہلاک ہونے والے سفیروں کی میتیں انکے متعلقہ ملکوں میں پہنچانے کیلئے ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ حتمی فیصلہ متعلقہ سفارتخانوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ زخمیوں کو سی ایم ایچ راولپنڈی میں طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ناروے کی فرانزک ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی، جو ڈی این اے ٹیسٹنگ میں پاکستانی حکام کی مدد کرے گی، ناروے کی ٹیم سی ایم ایچ راولپنڈی میں پاکستانی ماہرین کے ساتھ مل کر کام بھی کرے گی۔ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ناروے کے آنجہانی سفیر کی بیوہ پاکستان نہیں آ رہیں جب کہ ہالینڈ کے زخمی سفیر کو لینے کیلئے ایئر ایمبولینس بھی جلد پاکستان پہنچ جائے گی۔ ترجمان کے مطابق ہالینڈ کے سفیر کو آج پیر کو وطن روانہ کیا جائے گا۔ ڈی این اے ٹیسٹ مکمل ہوتے ہی میتیں متعلقہ ملکوں کو روانہ کر دی جائیں گی۔ دریں اثناء نلتر میں تباہ ہونے والے بدقسمت ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کا فلائٹ ڈیٹا ریکارڈ مل گیا جبکہ تحقیقاتی کمشن نے بھی کام شروع کر دیا ہے۔ چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے سانحہ نلتر کی تحقیقات اعلیٰ سطح پر کرانے کا حکم دیا تھا۔ میجر جنرل کے لیول کے آرمی آفیسر کی سربراہی میں تفتیشی بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔ بلیک باکس اور فلائٹ ڈیٹا تحقیقاتی ٹیم نے قبضے میں لے لیا ہے۔ناقابل شناخت نعشوں کی شناخت کیلئے آرمڈ فورسز انسٹیٹیوٹ آف پتھالوجی میں نعشوں سے ڈی این اے نمونے حاصل کرلئے گئے۔ دفتر خارجہ کے مطابق فلپائن سے آنیوالے سات رکنی وفد میں ہلاک ہونیوالے فلپائنی سفیر کی بیوہ، بیٹا، دو نائب وزراء بھی شامل ہیں۔ ملائیشیا سے پانچ رکنی اورانڈونیشیا سے چار رکنی وفد اسلام آباد پہنچا ہے۔ ملائیشیا کے وفد میں جاں بحق ہونیوالے سفیر کی بیٹی اور داماد بھی شامل ہیں۔ دریں اثناء امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز نے گزشتہ روز پاکستان میں ارجنٹائن کے سفیر جو پاکستان میں ڈپلومیٹک کور کے ڈین بھی ہیں، سے انکی اقامت گاہ پر ملاقات کی اور ان سے شمالی علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے حادثے اور اس کے نتیجے میں ہونیوالی ہلاکتوں پر تعزیت کا اظہار کیا۔

ای پیپر-دی نیشن