سراج الحق منافقت کی سیاست کر رہے ہیں خواتین کو ووٹ نہ ڈالنے دینا مکاری ہے: الطاف
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ہمارے ہزاروں ساتھی شہید کر دئیے گئے عہد کر لیا ہے کہ آئندہ قیادت چھوڑنے کا نہیں کہوں گا جب جان نکلے گی تب ہی قیادت چھوڑوں گا۔ جناح گرائونڈ میں کارکنوں سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این اے 246پر عوام نے ایم کیو ایم کو شاندار کامیابی دلائی۔ اے این پی جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے معاہدہ کیا کہ دیر میں خواتین کو ووٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ خواتین کو ووٹ سے روکنا مکاری نہیں تو کیا ہے، سراج الحق منافقت کی سیاست کر رہے ہیں۔ سراج الحق مائوں، بہنوں سے معافی مانگیں۔ خیبر پی کے ضمنی الیکشن میں خواتین کو ووٹ ڈالنے نہیں دیا گیا۔ الطاف حسین نے کارکنوں سے کہا کہ تیاری کرلیں احتجاج کی کال دینے والا ہوں۔ پانی اور گیس نہ ملنے پر احتجاج کریں گے۔ کراچی میں کچرا گھر بھر گئے، اس پر بھرپور احتجاج ہو گا، حکومت بلدیاتی انتخابات کی تاریخ کا فوری اعلان کرے۔ بنگلہ دیش سے محصور پاکستانیوں کو واپس لایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ این اے 246میں دشواریوں کے باوجود ایک لاکھ ووٹ حاصل کئے اگر پولنگ کا وقت بڑھا دیا جاتا تو دو لاکھ ووٹ ہوتے۔ ذوالفقار مرزا اسلحہ لیکر گھوم رہا ہے کوئی پکڑنے والا نہیں۔