اتحادی ممالک نے افغانستان میں شکست پر یمن کو سازشوں کی آماجگاہ بنالیا: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعة الدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کے تحفظ کی ملک گیر تحریک بھرپور انداز میں جاری رکھیں گے، اتحادی ممالک نے افغانستان میں شکست پر یمن کو سازشوں کی آماجگاہ بنا لیا ہے۔ مسلم اُمہ سرزمین حرمین شریفین کو نقصانات سے دوچار کرنے کی سازشیں کامیاب نہیں ہونے دے گی، دینی مدارس کو جہالت کی یونیورسٹیاں قراردینا شعائر اسلامی کی توہین ہے۔ حکومت فی الفورپرویز رشید کو وزارت کے عہدہ سے ہٹائے اور اسلامی شعائر کی توہین کا مقدمہ درج کیا جائے۔ 8 لاکھ بھارتی فوج کی موجودگی میں کشمیریوں نے پاکستانی پرچم لہراکر تحریک آزادی کشمیر میں نئی روح پھونک دی ہے۔ حکومت پاکستان حریت پسند قائدین پر بغاوت کے مقدمات پر خاموشی اختیار نہ کرے۔ وہ جماعة الدعوة شعبہ دعوت و اصلاح اور رابطہ والجماعات الدینیہ کے زیر اہتمام مرکز القادسیہ میں علماءکنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے مزید کہاکہ جماعة الدعوة فرقہ واریت سے بالاتر امت مسلمہ کو متحد کرنے والے تحریک ہے۔ تحفظ حرمین شریفین کے مسئلہ پربھی سب جماعتوں کو ساتھ لیکر ملک بھر میں پروگراموں کا سلسلہ جاری رکھنا اور ملک کے ہر فرد تک دین کی دعوت پہنچانی ہے۔ یمن کو منظم منصوبہ بندی کے تحت سازشوں کا مرکز بنایا گیا ہے۔ حرمین شریفین کا تحفظ ہر مسلمان پر فرض ہے۔ ہمیں اس مسئلہ پر خاموش نہیں رہنا۔ آج جماعةالدعوة ‘اسلام دشمن قوتوں کی آنکھوںمیں اس لئے سب سے زیادہ کھٹکتی ہے کہ ہم مسلم امہ کو قدموں پر کھڑا کرنے کیلئے اتحادویکجہتی کا ماحول پیدا اور حرمین کے دفاع کی بات کر رہے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مسلم ممالک متحد ہو کر سرزمین حرمین شریفین کے خلاف سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے کردار ادا کریں۔ پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی نے کہاکہ سرزمین حرمین شریفین کے خلاف سازشوں سے امت کو آگاہ کرنے کیلئے علماءاپنی ذمہ داریاں ادا کریں۔ مولانا محمد شریف چنگوانی نے کہاکہ قرآن و سنت کی دعوت لوگوں تک پہنچانا ہر فرد کی ذمہ داری ہے۔
حافظ سعید