• news

18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ‘ مرمت کے نام پر بجلی کی بندش بڑھ گئی‘ شیخوپورہ میں چار مظاہرے

لاہور+ شیخوپورہ (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران+ نامہ نگار خصوصی) ملک میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بجلی کی ڈیمانڈ میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ مرمت کے نام پر بجلی کی بندش میں مزید اضافہ ہوگیا۔ شدید گرمی میں چھٹی کے روز بھی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا جبکہ کاروبار زندگی بھی متاثر ہوئے۔ شہروں میں 12 سے 14 گھنٹے جبکہ دیہات میں 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی گئی۔ کئی علاقوں میں گزشتہ روز بھی پانی کی قلت برقرار رہی جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ کے خلاف شیخوپورہ میں شہریوں نے احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور شہریوں نے سول کوارٹرز روڈ جناح پارک، بلدیہ چوک اور خادم حسین روڈ سمیت 4 مقامات پر احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی کی جبکہ شہر اور گرد و نواح میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 14 گھنٹے تک پہنچ گیا جس پر وہ سراپا احتجاج بن گئے۔ سکھیکی سے نامہ نگار کے مطابق سکھیکی کے چار علاقوں کو سوئی گیس کی فراہمی بند ہونے پر شہریوں کے چولھے ٹھندے پڑ گئے، گھریلو خواتین کھانا پکانے سے محروم ہو گئیں، سکھیکی کے محلہ عنائت پورہ، گجرپورہ، نوازش ٹاﺅن اور ان کے اردگرد کے محلوں کو گزشتہ چار روز سے سوئی گیس کی فراہمی بند ہے، گزشتہ روز متاثرہ علاقوں کے لوگوں نے لاہور روڈ پر سوئی ناردرن گیس کمپنی کے افسران کےخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ ان کے علاقوں میں سوئی گیس کی فراہمی بحال کی جائے۔ دوسری جانب ڈیموں سے پانی کے اخراج میں اضافے سے بجلی کی پیداوار بھی بڑھ گئی۔ ڈیمانڈ کے ساتھ پیداوار میں بھی اضافہ کی وجہ سے شارٹ فال کی پوزیشن بدھ والی سطح پربرقرار رہی۔ مرمت کے نام پر بجلی کی بندش میں مزید اضافہ کیا گیا۔ گزشتہ روز بھی دن کو زیادہ اور رات کو کم لوڈشیڈنگ کی پالیسی اپنائی گئی۔
لوڈشیڈنگ / مظاہرے

ای پیپر-دی نیشن