• news

پنجاب میں کسان تنظیموں کے آڈٹ کا فیصلہ، مستند فرموں سے پیشکش وصول

لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر آبپاشی وچیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا کہ کسان تنظیموں کے مالی امور میں شفافیت لانے کے لئے آڈٹ کے عمل کا آغاز کر دیاگیا ۔ اس حوالے سے تکنیکی لحاظ سے مستند آڈٹ فرموں سے اظہار دلچسپی کی پیشکشیںوصول کرلی گئی ہیں۔یہ بات انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر لوئر باری دوآب کینال کی کسان تنظیموں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر آبپاشی نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات پروگرام کے تحت کسان تنظیمیں اپنی راجباہوں پر کئے جانے والے ترقیاتی اخراجات میں خود مختار ہیں جنہیں باقاعدہ قواعد وضوابط کے تحت مالی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنظیموں کو مالی امور میں مہارت دینے کیلئے پیڈا کی جانب سے باقاعدہ تربیتی پروگرام لانچ کئے جاتے ہیں ،تاہم قواعد وضوابط کے مطابق حکومتی وسائل کا آڈٹ کروانا لازمی عنصر ہے جس کے لئے پیڈانے تکنیکی لحاظ سے مستند آڈٹ فرموں سے اظہار دلچسپی کی پیشکشیںوصول کر لی ہیں اور کسی ایک آڈٹ فرم کے ساتھ باقاعدہ معاہدہ کے تحت کسانوں تنظیموں کے آڈٹ کا آغاز ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آڈٹ کی بنیادپر پیڈا کے مالیاتی امور میں بہتری آئے گی اور کسان تنظیموں کے کمزورپہلوئوں کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔صوبائی وزیرآبپاشی نے مزید کہا کہ نہری پانی کی مساویانہ تقسیم اور ٹیلوں تک ترسیل کے ساتھ ساتھ آبیانہ کی وصولی میں کسانوں تنظیموں کو اہم ذمہ داریاں دی گئی ہیں، ان اصلاحات پر موثر عملدرآمد سے کسان برادری کو سانجھے نہری نظام سر بھرپور فائدہ پہنچے گا۔اس طرح زرعی پیداوار بھی بڑھے گی اور ملک کو غذائی خود کفالت کے حصول میں مدد ملے گی۔

ای پیپر-دی نیشن