ذخیرہ اندوزی کی شکایات مل رہی ہیں‘کارروائی کریں گے: وزیر زراعت
لاہور (نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا کہ عوام کو معیاری اور سستی اشیائے خورد و نوش کی فراہمی ہر صورت میں یقینی بنائی جائے گی۔ رمضان المبارک سے پہلے بعض حلقوں کی جانب سے ذخیرہ اندوزی کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ دکاندار ذخیرہ اندوزی ترک کرتے ہوئے اپنا سامان بازاروں میں لائیں اور مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش نہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شادمان اتوار بازار کادورہ کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہاکہ گذشتہ سالوں کی طرح حکومت اس سال بھی رمضان المبارک میں صارفین کیلئے تاریخی سبسڈی پیکیج کا اعلان کرے گی۔ انہوں نے بتایاکہ یہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن ہی کا ثمر ہے کہ صارفین کو گھی اور تیل 15سے 25روپے فی پیکٹ سستے مہیاکئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ اس سال بھی تمام اشیائے خوردونوش بالخصوص آٹے، چینی، گھی اور دالوں کی قیمت میں تاریخی سبسڈی دی جائے گی۔قبل ازیں وزیر زراعت نے شادمان اتوار بازار کا تفصیلی دورہ کیا، اشیاء کی قیمتوں اور کوالٹی کا جائزہ لیا اور شہریوں سے فرداً فرداً گفتگو کی۔