• news

گندم خریداری مہم کی نگرانی کر رہا ہوں، کسی کو کسانوں کا استحصال نہیں کرنے دوں گا: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے محروم معیشت طبقات کے معیار زندگی میں بہتری لانے کے لئے متعدد فلاحی اقدامات کئے ہیں۔ انتہائی کم وسیلہ خاندانوں کی فلاح کے لئے مستقبل میں بھی اقدامات جاری رہیں گے۔ معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کی فلاح اور انہیں ریلیف کی فراہمی کے لئے صوبے بھر میں فلاحی پروگرام کامیابی سے جاری ہیں اور ان پروگراموں سے غریب عوام کی بڑی تعداد مستفید ہو رہی ہے۔ آئندہ 3برسوں میں عوامی خدمت کے مشن کو تحریک کی صورت میں آگے بڑھائیں گے، میٹروبس، تعلیمی فنڈ، دانش سکول، آشیانہ ، خود روزگار سکیم جیسے فلاحی پروگرام کم آمدنی والے خاندانوں کیلئے ترتیب دیئے گئے ہیں۔ پنجاب حکومت نے تمام سماجی پروگراموں کو ایک چھت تلے یکجا کرنے کے لئے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی قائم کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی خدمت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا مشن ہے۔ ہمارا ہر قدم صوبے کے محروم معیشت طبقات کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھ رہا ہے۔ غریب اور بے سہارا افراد کو ترقی کے دھارے میں لانے کے لئے اربوں روپے کے وسائل صرف کئے جا رہے ہیں۔ صوبے میں 40 لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں سے ترجیحی بنیادوں پر گندم خریدی جا رہی ہے۔ کاشتکاروں کو خریداری مراکز پر ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں ۔ گندم خریداری مہم کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔ کسانوں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ کسی آڑھتی یا مڈل مین کو کسانوں کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی ٹھوس معاشی پالیسیوں کے باعث قومی معیشت بہتر ہو رہی ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں کا حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر اعتماد بڑھا ہے، وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں وفاقی حکومت کی جانب سے سرمایہ کاری، معاشی، تجارتی اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اپنائی گئی حکمت عملی بار آور ثابت ہو رہی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بھکر سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور توانائی بحران نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ تعلیم، صحت ، زراعت، صنعت اورزندگی کے تمام شعبے دہشت گردی اور توانائی بحران سے متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت نے توانائی بحران کے خاتمے کو اپنی اولین ترجیح بنایا ہے اور اس ضمن میں ہر ضروری قدم اٹھایا جا رہاہے، گزشتہ سات برس سے صوبے کے عوام کی بے لوث خدمت کر رہے ہیں او رصوبے بھر میں دانش سکولز، آشیانہ ہائوسنگ سکیم، میٹروبس ، تعلیمی فنڈ اورخودروزگار سکیم جیسے فلاحی منصوبے کامیابی سے جاری ہیں جن سے صوبے کے غریب عوام بڑی تعداد میں مستفید ہو رہے ہیں۔ دوست ملک چین کے ساتھ طے پانے والے 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدوں میں 20ارب ڈالر توانائی کے منصوبوں کیلئے ہیں۔ سرمایہ کاری پیکیج کے تحت طے پانے والے معاہدوں اور منصوبوں کو مکمل کرنے میں جان لڑا دیں گے ۔علاوہ ازیں شہبازشریف سے گزشتہ روز مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ شہباز شریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو دہشت گردی کے عفریت سے نجات دلانے کیلئے پوری قوم پرعزم ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ دہشت گردی نے قومی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ ملک کی تیز رفتار ترقی کیلئے دہشت گردی اور انتہاپسندی کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ میں سیاسی، عسکری اور دینی قیادت ایک صفحے پر ہے دہشت گردی کے خاتمے کی کاوشیں رنگ لائیں گی اور وطن امن کا گہوارہ بنے گا۔

ای پیپر-دی نیشن