خیبر پی کے کے ارکان اسمبلی آج پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دینگے، حکومت نے مشروط اجازت دیدی
نوشہرہ + اسلام آباد (صباح نیوز+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلی خیبر پی کے پرویز خٹک نے کہا ہے وفاقی حکومت نے بجلی کی ناروا لوڈشیڈنگ اور صوبے کے دیگر حقوق پر غور نہ کیا تو پارلیمنٹ کے سامنے مستقل دھرنا دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج بروز منگل کو اپوزیشن سمیت خیبر پی کے اسمبلی کی تمام پارلیمانی جماعتیں مرکز سے صوبے کے حقوق حاصل کرنے کیلئے ان کی قیادت میں پارلیمنٹ ہائوس اسلام آباد کے سامنے احتجاجی دھرنا دیں گی۔ انہوں نے کہا وفاقی حکومت چھوٹے صوبوںکے ساتھ ناروا سلوک بند کرے وزیراعلیٰ نے کہا آئندہ صوبائی بجٹ بھی متوازن اور عوام دوست ہوگا جس میں غریبوں کیلئے ریلیف کی کئی سفارشات کی گئی ہیںعام آدمی کیلئے بہترین بجٹ ہوگا۔ اپوزیشن غلط افواہیں پھیلا رہی ہیں۔ صوبہ کا ترقیاتی بجٹ نہ پچھلے سال لیپس ہوا تھا اور نہ اس سال لیپس ہوگا۔ ترقیاتی فنڈ جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے دوبارہ جاری کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا بلدیاتی انتخات میں حکمران جماعت کارکردگی کی بنیاد پر بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔ اپوزیشن شکست کے خوف سے بیجا واویلاکررہی ہے۔ وہ پی پی پی کے مرکزی رہنما سابق وفاقی وزیر میاں مظفر شاہ ایڈووکیٹ کے بھائی میاںکمال شاہ باچا کی وفات پر اے ایس سی کالونی نوشہرہ میں انکی رہائشگاہ پر فاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے بات چیت کررہے تھے۔ اسلام آباد سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق ترجمان تحریک انصاف شیریں مزاری نے کہا ہے وزیراعلیٰ خیبر پی کے کی قیادت میں پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا جائیگا۔ دھرنا خیبر پی کے میں لوڈشیڈنگ، اقتصادی راہداری روٹ میں ممکنہ تبدیلی، میگا پراجیکٹس میں خیبر پی کے کو نظرانداز کرنے پر دیا جا رہا ہے۔ ریلی خیبر پی کے ہاؤس سے آج صبح 10 بجے پارلیمنٹ ہاؤس کیلئے روانہ ہوگی۔ احتجاجی ریلی کے شرکا پارلیمنٹ کے سامنے دھرنا دیں گے۔ دھرنے کے دورانیے کی حکمت عملی آج طے کی جائیگی۔ تحریک انصاف کے ایک بار پھر دھرنے کے پیش نظر وزیر داخلہ چودھری نثار نے ریڈ زون اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کا حکم دیا ہے۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے ارکان خیبر پی کے کو آج پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جانے کی ا جازت ہو گی۔ غیر متعلقہ افراد اور سکیورٹی گارڈز کا ریڈ زون میں د اخلہ ممنوع ہو گا۔ فیصلہ وزارت داخلہ میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔