بھارت‘ تامل ناڈو کی سابق وزیراعلی جے للیتا بدعنوانی کے مقدمے سے بری
نئی دہلی (صباح نیوز) بھارتی ریاست تامل ناڈو کی سابق وزیراعلی جے للیتا کو اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے الزامات سے بری کر دیا گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست کرناٹکا کی ہائی کورٹ نے جے للیتا کو الزامات سے بری کیا۔ جے للیتا پر 1996 میں آمدنی سے زیادہ اثاثے موجود ہونے اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات عائد کئے گئے تھے، فیصلہ کے بعد جے للیتا کے سینکڑوں حامیوں نے ہائی کورٹ کے باہر اور چنائی میں پارٹی کے ہیڈ آفس پر جشن منایا۔ بھارتی پارلیمنٹ میں بھی جے للیتا کے پارٹی کے ارکان نے مٹھائیاں تقسیم کیں۔