• news

ڈرون اور میزائلوں کو نشانہ بنانے والے ائر ڈیفنس سسٹم کا کامیاب تجربہ ، موجودہ دور کی جنگوں میں اس کی ضرورت بڑھ گئی: آرمی چیف

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ + اے پی پی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کراچی کے قریب ایئر ڈیفنس فائرنگ رینجز کا دورہ کیا اور حال ہی میں فوج میں شامل کئے گئے ایف ایم 90 ایئر ڈیفنس میزائل سسٹم کی فائرنگ دیکھی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف ایم 90 ایئر ڈیفنس میزائل، ڈرونز اور کروز میزائل مار گرانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ یہ میزائل سسٹم بیک وقت کئی قسم کے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس سسٹم کی شمولیت سے پاکستان کے ایئر ڈیفنس میں مزید بہتری آئے گی اور نہ صرف رینج بلکہ اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنانے میں مدد ملے گی۔ اس موقع پر آرمی ایئر ڈیفنس کے جوانوں اور افسروں سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف نے حاصل شدہ تربیتی معیار کو سراہا۔ انہوں نے ایئر ڈیفنس کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آج کے دور میں ضرورت اس امر کی ہے کہ تسلسل کے ساتھ اپنے ہتھیاروں اور آلات کو جدید بنایا جائے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ خطرات سے نمٹنے کے لئے تربیت کا اہتمام بھی کیا جانا چاہیے۔ قبل ازیں فائرنگ رینجز آمد پر چیف آف آرمی سٹاف کو آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل زاہد لطیف مرزا نے ان کا استقبال کیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس کامیاب تجربہ کے ساتھ ہی نئے میزائل دفاعی سسٹم کی تربیت مکمل ہو گئی ہے۔ یہ ڈرونز اور گائیڈڈ میزائل کو بھی نشانہ بنا سکتا ہے۔ نئے میزائل دفاعی سسٹم سے پاک فوج کی دفاعی صلاحیت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے افسروں اور جوانوں کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ موجودہ دور کی جنگوں میں ائر ڈیفنس کی ضرورت بڑھ گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن