فنڈز کی کمی کے باعث ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں کا دورہ برطانیہ منسوخ
لاہور(حافظ محمد عمران+نمائندہ سپورٹس) ہاکی فیڈریشن کے اعلیٰ عہدیداروں کے وفد کا ناگزیر وجوہات کی بناء پر برطانیہ کا دورہ منسوخ ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق انگلینڈ میں موجود پاکستانی کمیونٹی نے قومی کھیل کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس ضمن میں پاکستانی کمیونٹی نے 10سے 12 مئی تک پی ایچ ایف کے عہدیداروں کی برطانیہ میں اہم اور بااثر افراد سمیت برطانوی اولمپک، برطانیہ ہاکی کے ٹاپ آفیشنلز اور یورپی یونین کے اہم عہدیداروں سے ملاقاتیں شیڈول تھیں لیکن تمام معاملات طے ہوجانے کے باوجود پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیدار برطانیہ نہیں جاسکے۔ ذرائع کے مطابق اس دورے کے دوران ممکنہ طور پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کو مالی امداد بھی کی جانی تھی۔ برطانیہ میں طویل عرصے سے مقیم پاکستانیوں کومیڈیا میں ہاکی فیڈریشن کے معاملات اور ہاکی پلیئرز کے مسائل کے بارے علم ہوا تھا۔ اس کے بعد پاکستان میں فیڈریشن کے عہدیداروں سے بذریعہ ای میل رابطہ کرکے انگلستان دورے کے حوالے سے معاملات طے پائے لیکن عین وقت پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں کی طرف سے برطانیہ نہ جانے کے فیصلے سے ایک طرف برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کوشرمندگی اٹھانا پڑی ہے۔وہیں اسکے ساتھ ساتھ قومی کھیل کھیل کو درپیش مسائل کے حل کا ایک بہترین موقع بھی ضائع ہوا ۔ ہاکی فیڈریشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار کے انتہائی قریبی ذرائع کے مطابق ’’فنڈز‘‘ کی کمی کے باعث یہ دورہ منسوخ ہوا۔ذرائع کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداروں کا 13 مئی کو برطانیہ ہاکی کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ تھا۔ اسی روز پاکستان اینڈ ایشین ریسٹورنٹس ایسوسی ایشن کی طرف سے ظہرانے کا اہتمام تھا۔ 14 مئی کو برٹش اولمپک کے عہدیداروں اور لندن کے میئر سے ملاقات طے تھی۔ 15 مئی کو ہائوس آف لارڈز اور سپورٹس منسٹر سے ملاقات مقرر تھی۔ 17 مئی کو فائیو سائیڈ فٹبال ٹورنامنٹ کے میچ پر’’گیسٹ آف آنر‘‘ تھے۔ 18 مئی کو ایک بڑے فٹبال ٹورنامنٹ ایم۔کے ڈونز کے میچ پر بطور خاص مہمان مدعو کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی برطانوی فٹبال کے عہدیداروں سے بھی گیٹ ٹوگیدر کی تقریب تھی۔ 19 تاریخ کو پانچ مختلف تقریبات میں مقامی افراد اورپاکستانی کمیونٹی کی اہم شخصیات سے ملاقاتیں شیڈول تھیں۔ ذرائع کے مطابق دورے کی منسوخی سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا منفی تاثر بیرونی دنیا میں گیا ہے اور پاکستان ہاکی ایک بہت تعمیری سرگرمی سے بھی محروم ہوئی۔