تعلقات دوستانہ نہیں تو کرکٹ کس طرح ہوسکتی ہے: بھارتی حکمران جماعت نے پاکستان کیساتھ سیریز کی مخالفت کردی
نئی دہلی(ایجنسیاں)بھارتی جنتا پارٹی نے دسمبر میں دبئی میں ہونے والی پاک بھارت سیریز کی مخالفت کر دی۔تفصیلات کے مطابق بھارتی حکومتی جماعت کے رہنما اور بیہار آراہ کے ایم پی آر کے سنگھ نے یہ معاملہ پارلیمنٹ میں وقفہ سوالات کے دوران اٹھا یا جس دوران انہوں نے پاکستان پر الزامات کی بارش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھارت میں دہشت گردی کا ذمہ دار ہے تو اس ملک کے ساتھ کرکٹ کاکیا سوال بنتاہے مجھے سمجھ نہیں آتی۔آر کے سنگھ نے کہا کہ جس ملک کے ساتھ ہمارے دوستانہ تعلقات نہیں ہے اس کے ساتھ کرکٹ کا مقابلہ کس طرح ہو سکتاہے میری حکومت سے گزار ش ہے کہ وہ اپنے اس فیصلے پر نظر ثانی کرے۔واضح رہے پاکستان کر کٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے درمیان گزشتہ روز کلکتہ میں ملاقات ہوئی تھی اور ملاقات کے بعد انہوں نے میڈیا سے گفتگو میں اعلان کیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دسمبر میں اسی سال دبئی میں کرکٹ میچ سیریز کھیلی جائے گی۔ دریں اثناء بھارتی اخبار نے دعویٰ کیا کہ جگ موہن ڈالمیا نے شہر یار خان کو یو اے ای میں سیریز کھیلنے کی کوئی یقین دہانی نہیں کرائی۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ شیڈول سیریزمودی سرکار کی اجازت سے مشروط ہے ‘ اگر اجازت مل گئی تو کسی بھی جگہ پر کھیلنے کیلئے تیار ہیں۔ بی سی سی آئی صدر جگ موہن ڈالمیا کہتے ہیں کہ حکومت کی اجازت کے بغیر پر بھی نہیں مار سکتے، اگر مودی سرکار نے ہاں کردی تو پاکستان سے کہیں بھی مقابلے کے لئے تیار ہیںجبکہ چیئرمین پی سی بی شہریارخان سیریز کو یقینی دیکھتے ہیں، کہتے ہیں بھارتی حکومت کو منا کر جلد یو اے ای میں کھیلیں گے۔ پہلی سیریز سات ماہ کے فاصلے پر ہے، لیکن بھارتی بورڈ یقین دہانی کے لئے تیار نہیں۔