لاہور: چینی باشندوں کی سکیورٹی پر مامور کانسٹیبل پراسرار طور پر گولی لگنے سے ہلاک
لاہور (نامہ نگار) چینی باشندوں کی سکیورٹی پر تعینات کانسٹیبل پراسرار طور پر کنپٹی پر گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ عمران یوسف نے خودکشی کی یا اسے قتل کیا گیا ہے۔ پولیس نے مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کر دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ قلعہ گجر سنگھ آپریشن ونگ کا 27 سالہ کانسٹیبل، 3بیٹیوں کا باپ عمران یوسف مقامی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے چینی باشندوں کی سکیورٹی پر مامور تھا۔ اتور کو رات8 بجے عمران یوسف معمول کے مطابق ایک سرکاری رائفل اور اپنا لائسنسی پستول لے کر ڈیوٹی پر چلا گیا ۔ جہاں سے وہ ایک گھنٹے بعد ڈیوٹی چھور کر چلا گیا۔ جس کے بعد کانسٹیبل عمران یوسف نے قریب ہی واقعہ ایک ہوٹل میں کمرہ لیا اور اس نے وہاں اپنے سالے سومی ، دوستوں مرزا شہباز اور فیاض کو بلا لیا۔ ہوٹل میں چاروں نے مل کر شراب پی۔ جس کے بعد وہ تینوں موٹرسائیکلوں پر مرزا شہباز کو اس کے گھر چھوڑنے جارہے تھے کہ اس دوران عمران یوسف نے طبیعت اچانک خراب ہونے پر موٹر سائیکل روک کر اپنے جوتے اتارے اور فٹ پاتھ کے ساتھ گرین بیلٹ پر لیٹ گیا۔ جس کے بعد وہ پراسرار طور پر کنپٹی پر گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور نعش قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے بھجوا دی۔ عمران یوسف کے دوستوں کے مطابق انہوں نے عمران ہسپتال لے جانے کی کوشش کی تو عمران نے انہیں دھکا دے کر پرے کیا اپنا پستول نکال کر اپنی کنپٹی پر رکھا اور ٹریگر دبا دیا۔ جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ بتایا گیا ہے متوفی کانسٹیبل عمران چھپر سٹاپ سمن آبادکا رہائشی تھا۔ اس کا باپ یوسف سمن آباد میں جنرل سٹور چلاتا ہے۔ اس کے والدکا کہنا تھا کہ عمران کی بیوی 3روز قبل اس سے جھگڑ کرکے میکے چلی گئی تھی۔