• news

مدارس پر پرویز رشید کے بیان کیخلاف ملی یکجہتی کونسل جمعہ کو یوم احتجاج منائیگی

کراچی (نیوز رپورٹر) ملی یکجہتی کونسل کا ایک اہم اجلاس کونسل کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر کی صدارت میں ادارۂ نورِ حق میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملکی و بین الاقوامی صورتحال، امریکہ میں توہین آمیز خاکوں کی اشاعت اور وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کے مدارس کے خلاف بیان سے پیدا شدہ صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا اور قراردادیں پیش کی گئیں۔ قبل از یں ملی یکجہتی کو نسل صوبہ سندھ کی تنظیم نو کی گئی جس کے تحت اسد اللہ بھٹو کو ملی یکجہتی کو نسل سندھ کا صدر، قاضی احمد نورانی کو سیکرٹری، محمد حسین محنتی کو مالیاتی سیکریٹری، برجیس احمد کو رابطہ سیکرٹری زاہد عسکری کو سیکرٹری اطلاعات، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کو مصالحتی کمیٹی کا سربراہ مقرر کیا گیا۔ صاحبزاہ ابو الخیر زبیر سیکرٹری لیاقت بلوچ نے میڈیا کو بریفنگ دی۔ صاحبزادہ ابو الخیر زبیر نے کہا کہ ایک منظم منصوبہ بندی کے تحت نصاب تعلیم سے اسلامی تاریخ نکال کر ملالہ اور سیکولر عناصر کو شامل کیا جارہا ہے ۔ پرویز رشیدکا بیان شعائر اسلام کی توہین ہے، مدارس کو جہالت کے مراکز قرار دینا خود جہالت ہے۔ پرویز رشید کے بیان کیخلاف جمعہ 15 مئی کو یوم احتجاج منایا جائیگا۔ حکومت پر ویز رشید کے بیان پر اپنا مؤقف واضح کرے۔

ای پیپر-دی نیشن