پاکستان افغانستان، طالبان مذاکرات میں سہولت کاری کرے: سراج الحق
اسلام آباد (آئی این پی + آن لائن) امیرجماعت اسلامی سینیٹرسراج الحق نے وزیراعظم نوازشریف اورآرمی چیف جنرل راحیل شریف کا دورہ افغانستان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان کی حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات کرانے کیلئے سہولت کار کا کردار ادا کرے۔ ماضی میں بھارت افغانستان میں اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے سازشیں کرکے پاکستان افغانستان تعلقات کو خراب کرتا رہا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کا کر دار اہم ہو گا، افغانستان ہمارا دوست ملک ہے۔ 40لاکھ افغان مہاجرین جب اپنے وطن واپس جائیں گے تو وہ پاکستان کے سفیر ہوں گے۔ لوئر دیر میں خواتین اپنی مرضی سے اپنا ووٹ نہیں ڈالتیں، کسی نے انہیں ووٹ ڈالنے سے زبردستی نہیں روکا، آئندہ ہم خواتین کو ووٹ ڈالنے کے حوالے سے ترغیب دیں گے۔ انہوں نے کہا تمام سیاسی جماعتوں کو سپریم کورٹ کا فیصلہ تسلیم کرنا چاہیے۔