قتل کا الزام، مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے رائے منصب اور 2 بیٹوں کیخلاف مقدمہ
چوک سرور شہید (نامہ نگار) تھانہ چوک سرور شہید نے مسلم لیگ ن کے ایم پی اے رائے منصب اور انکے دو بیٹوں عارف منصب اور عاصم منصب کیخلاف اراضی کے تنازعہ پر فائرنگ کر کے ایک شخص کو قتل کرنے کے الزام میں دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ایس ایچ او ادریس خان کے مطابق ملزموں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور انکو جلد گرفتار کرلیا جائے جن دیگر افراد کیخلاف نامزد پرچہ درج کیا گیا ہے ان میں رانا منور، عبدالجبار ماچھی، اکرم اور رانا مصطفی شامل ہیں۔ ہفتہ کے روز اڈہ دروغہ پر پٹھان گروپ اور مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے رائے منصب کے حامیوں میں اراضی کے تنازع پر تصادم ہوگیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں پٹھان گروپ کا نوجوان گل محمد خان ولد نواب خان موقع پر ہی ہلاک ہوگیا جس پر پٹھان گروپ مشتعل ہوگیا اور مشتعل ہجوم نے نعش سڑک پر رکھ کر ایم ایم روڈ بلاک کردی جبکہ رقبہ پر موجود ٹریکٹر اور نزدیکی ایم پی اے رائے منصب کے ڈیرے کو بھی آگ لگا دی۔ پٹرولنگ پولیس ریاض آباد نے راستہ کھلوانے کی کوشش کی تو مشتعل افراد نے پٹرولنگ پولیس پر بھی تشدد کیا۔