پولیس شہریوں کی دشمن بن گئی، 16ماہ میں 4644 بے قصور افراد کیخلاف جعلی مقدمات
لاہور (میاں علی افضل سے) عوام کی جان ومال اور عزت کی حفاظت پر مامور لاہور پولیس شہریوں کی دشمن بن گئی پولیس نے 16ماہ 4ہزار 644 بے قصور افراد پر جعلی مقدمات درج کئے مبینہ طور پر مخالفین سے پیسے لیکر شہریوں کو قتل، اغوائ، ڈکیتی وچوری ودیگر وارداتوں میں گرفتار کیا تھانوں میں مبینہ تشدد کا نشانہ بناتے رہے ہزاروں افراد کو جیلوں میں بھی بھجوایا گیا جبکہ انویسٹی گیشن پولیس نے تحقیقات کے بعد مقدمات خارج کردیئے آپریشن ونگ پولیس کے بڑھتے ہوئے مظالم نے شہریوں کو خودکشیوں پر مجبور کردیا ہے پولیس کی جانب سے تیار کی جانے والی تحقیقات رپورٹ کے مطابق 2015ء کے پہلے 4ماہ کے دوران مجموعی طور پر 988 بے قصور شہریوں پر مقدمات درج کر کے انہیں گرفتار کیا گیا اور تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ 2014 میں مجموعی طور پر 3ہزار 656 بے قصور شہریوں پر جعلی مقدمات درج کئے گئے پولیس افسران اور اہلکاروں کی ملی بھگت سے شہریوں پر تشدد اور ناجائز مقدمات میں ملوث کرنا معمول بن گیا ہے، 2015ء میں قتل کے مقدمات میں 11، اندھے قتل کے مقدمہ میں 1، ڈکیتی کے مقدمات میں 12، چوری کے مقدمات میں 23، موٹرسائیکل چھیننے کے مقدمات میں 4، کار چوری کے مقدمات میں 150 ، جوا کھیلنے کے مقدمات میں 30، چیک ڈس آنر کے مقدمات میں 55، جعلسازی کے مقدمات میں 22 ودیگر سنگین جرائم کے مقدمات میں 142 بے قصور شہریوں کیخلاف جعلی مقدمات درج کر کے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور تھانوں میں ناروا سلوک کیاگیا۔