• news

روس میں پاکستانی سفارتخانہ اصطبل میں‘ سفیر حویلی میں رہائش پذیر

اسلام آباد (سہیل عبدالناصر) روس کے دارالحکومت ماسکو میں پاکستان کا سفارتخانہ ایک اصطبل میں قائم ہے جبکہ اس سے متصل ایک نواب کی شاندار حویلی میں سفیر کی رہائشگاہ ہے۔ روسی حکومت نے سفارتخانہ کو اپنی عمارت تعمیر کرنے کیلئے وسیع و عریض پلاٹ دیا لیکن ماسکو میں موجودہ سفیر ظہیر جنجوعہ سمیت کوئی سفیر حویلی کی رہاہشگاہ چھوڑنے پر تیار نہیں ۔ دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق پچاس کی دھائی میں اس وقت کی کمیونسٹ حکومت نے ماسکو کے قلب میں ریڈ سکوائر کے نزدیک ایک عمارت پاکستان کو سفارتخانہ قائم کرنے کیلئے کرائے پر دی۔ یہ عمارت ایک سابق نواب کی حویلی تھی۔ اس وقت کے پاکستانی سفیر نے حویلی کو اپنی رہائشگاہ کیلئے چنا جب کہ حویلی کے ساتھ متصل اصطبل میں سفارتخانہ کے دفاتر قائم کئے گئے۔ تقریباً ہر دور میں ما سکو کا دورہ کرنے والے سیاسی قائدین ،پاکستانی عمائدین، اور حکام نے سفارتخانہ کو سفیر کی رہائشگاہ والی حویلی یا ملکی وقار کے شایان شان نئی عمارت میں منتقل کرنے پر زور دیا لیکن کسی سفیر کے کان پر جوں تک نہیں ر ینگی۔

ای پیپر-دی نیشن