• news

لاہور اور کئی شہروں میں بارش، ماموں بھانجے، ماں بیٹے سمیت 6 افراد جاں بحق

لاہور (سپورٹس رپورٹر + نمائندگان) لاہور اور کئی شہروں میں گرد آلود ہوائوں کے ساتھ بارش موسم کو خوشگوار ہو گیا۔ آسمانی بجلی، کرنٹ لگنے سے ماموں بھانجے سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ گرمی سے ستائے لوگوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے محکمہ موسمیات نے موسم کا موجودہ سسٹم بدھ تک برقرار رہنے اور بارش کے امکان کی پیش گوئی کی ہے۔ لاہور میں بارش اور تیزا ہواؤں کے باعث 60 سے زائد بجلی کے فیڈرز ٹرپ کر گئے۔لیسکو ذرائع کے مطابق فیڈر ٹرپ کرنے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوگئی۔جوہر ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں ہربنس پورہ، اسلام پورہ، ساندہ، بادامی باغ، گلشن راوی، شاہدرہ کے علاقے بجلی سے کئی گھنٹے محروم رہے۔ ملک کے بیشتر بالائی/وسطی علاقوں میں مطلع ابر آلود ہے 24گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب فاٹا، خیبر پی کے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ بہاولپور ڈویژن میں چند مقامات پرتیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس دوران پنجاب، خیبر پی کے اور فاٹا کے کاشتکار گندم کی کٹائی / گہائی کے دوران حفاظتی تدابیر اختیار کریں۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش دروش 21، لاہور02 ، سب سے زیادہ درجہ حرارت دادو میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ کمالیہ اور گرد ونواح میں بارش سے موسم خوشگوار، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، مٹھہ ٹوانہ میں رانا خالد اور اقبال اعوان مٹھہ ٹوانہ کے مضافات میں اپنے کھیتوں میں فصل کو پانی لگا رہے تھے اچانک آسمانی بجلی ان پر آ گری جس سے خالد موقع پر ہی چل بسا اقبال بچ گیا۔ قصور میں پیرو والا روڈ پرواپڈا کی 11kvکی تار گرنے سے سائیکل سوار ماما بھانجا بری طرح جھلس کر جاں بحق ہو گئے۔ بلھے شاہ ٹاون کا تیس سالہ اصغر ماں باپ کا اکلوتا بیٹا تھا گزشتہ رات اپنے ماموں چالیس سالہ غلام نبی کو لاری اڈہ قصور سے سائیکل پر لیکر وآپس آرہا تھا۔ گزشتہ رات تیز آندھی کے باعث واپڈا کی بجلی کی گیارہ کے وی کی تار زمین پر گر گئی جو اندھیرے میں اصغر علی کو نظر نہ آئی اور انکا سائیکل تار کو چھو گیا جس کی وجہ کرنٹ لگنے سے دونوں ماما بھانجا بجلی کی تار کے ساتھ چمٹ کر بری طرح جھلس گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ واقعہ کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاج کیا اور مطالبہ کیا واپڈا حکام کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے تاہم ہلاک شدگان کے ورثا نے کسی قسم کی قانونی کارروائی کروانے سے انکار کر دیا۔ خوشاب میں موضع سندرال میں آسمانی بجلی گرنے سے خاتون حیات بی بی شدید جھلس کر موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ وہاڑی میں بھی بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ ایک بھینس آسمانی بجلی سے ہلاک ہو گئی۔ علاوہ ازیں قمبر سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق گائوں گوٹھ خان قمبر میں گھر کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹا جاں بحق ہو گئے۔

ای پیپر-دی نیشن