• news

کراچی: فائرنگ کے واقعات میں 4ہلاک، متحدہ کے مقتول ورکر کا بھائی بھی قتل

کراچی (کرائم رپورٹر+آن لائن+ آئی این پی) کراچی کے مختلف علاقوں میں پیر کو تشدد اور فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق حسرت موہانی کالونی میں موٹرسائیکل سوار نے ڈرائیور 35 سالہ زوہیب حسین کوگولی مار کر ہلاک کردیا۔ مقتول زوہیب حسین متحدہ قومی موومنٹ کے مقتول کارکن ارشد حسین کا بھائی تھا ادھر مبینہ ٹائون کے علاقے میٹرو ول میں گلزار ہجری ڈگری کالج کے قریب ایک نوجوان کی لاش ملی جسے اغوا کے بعد تشدد اور گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا تھا۔ مقتول کے ہاتھ پائوں بندھے ہوئے تھے تاہم فوری طور پر مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی اس کے علاوہ بلدیہ ٹائون یوسف گوٹھ میں بس ٹرمینل کے قریب سے بھی ایک 35 سالہ شخص کی تشدد زدہ لاش ملی جب کہ ملیر کالا بورڈ کے علاقے میں نامعلوم افراد نے 30 سالہ خاتون کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر ہلاک کردیا پولیس کا کہنا ہے کہ ان دونوں مقتولین کی بھی شناخت نہیں ہوسکی۔لیاری کے علاقے کلا کوٹ میں مبینہ پولیس مقابلے کے نتیجے میں ایک گینگ وار کارندہ ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم عبدالرحمن کا تعلق لیاری گینگ وار کے عزیر جان گروپ سے تھا۔ ادھر اطلاعات کے مطابق پولیس ذرائع کے مطابق بابا لاڈلہ بھیس بدل کر لیاری پہنچ گیا ،اطلاع پر رینجرز اور پولیس نے بہار کالونی گلی نمبر13میں بابا لاڈلہ کے گھر وہائٹ ہائوس پر چھاپہ مارا جہاں بابا لاڈلہ تو نہ مل سکا البتہ وہائٹ ہائوس کو مسمار کر دیا گیا۔ بابا لاڈلہ قتل ، اقدام قتل ، بھتہ خوری ، اغوا برائے تاوان سمیت 100 سے زائد سنگین جرائم میں پولیس کو مطلوب ہے جبکہ حکومت نے بابا لاڈلہ کے سر کی قیمت 10 لاکھ روپے مقرر کر رکھی ہے۔ دوسری طرف کراچی کے علاقے نیو کراچی سے گرفتار ٹارگٹ کلر عدنان عرف ملا کا تعلق متحدہ قومی موومنٹ سے ہے۔ ملزم نے مختلف سیاسی جماعتوں کے 5 عہدیداروں سمیت 14 افراد کی ٹارگٹ کلنگ کا اعتراف کر لیا ہے۔ گرفتار ملزم کا گروہ9 افراد پر مشتمل ہے۔ گروہ کا سرغنہ اور سیاسی جماعت کا عہدیدار علی رضا حالیہ دنوں میں ساؤتھ افریقہ فرار ہو چکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن