• news

سینٹ کی چار قائمہ کمیٹیوں تجارت، خزانہ، انسانی حقوق، ہائوسنگ کے چیئرمینوں کا انتخاب مکمل

اسلام آباد (آن لائن) سینٹ کی چار قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا انتخاب مکمل کر لیا گیا۔ سینیٹر شبلی فراز قائمہ کمیٹی تجارت، سینیٹر سلیم مانڈوی والا خزانہ، سینیٹر نسرین جلیل انسانی حقوق فنکشنل کمیٹی جبکہ سینیٹر تنویر الحق تھانوی قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ کے چیئرمین منتخب کر لئے گئے۔ فنکشنل کمیٹی کی چیئرپرسن کیلئے سینیٹر نسرین جلیل کا نام سینیٹر محسن لغاری نے تجویز کیا جس کی تائید سینیٹر ثمینہ عابد نے کی سینیٹرز نثار محمد، ہدایت اللہ، ڈاکٹر جہانزیب جمال دینی بھی موجود تھے۔ فنکشنل کمیٹی انسانی حقوق نسرین جلیل نے کہا ملک میں ہر سطح پر ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے خلاف مشترکہ آواز بلند کی جائے گی۔ سینیٹر شبلی فراز کا نام سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے تجویز کیا اور سینیٹر عثمان خان کاکٹر نے تائید کی ۔ سینیٹر ز نسیمہ احسان ، روبینہ خالد ، الیاس احمد بلور ، سیف اللہ بنگش بھی موجود تھے۔ قائمہ کمیٹی خزانہ کے چیئرمین کیلئے سینیٹر سلیم مانڈوی کا نام سینیٹر محمد طلحہ محمود نے تجویز کیا اور سینیٹر محسن خان لغاری نے تائید کی۔ سینیٹر ز سردار فتح محمد محمد حسنی، نسرین جلیل، عائشہ رضا فاروق، محسن عزیز اور الیاس بلور نے شرکت کی۔ سینیٹرز محمد طلحہ محمود، الیاس احمد بلوراور نسرین جلیل کی تجویز پر آمدہ بجٹ سے قبل قائمہ کمیٹی خزانہ کا پری بجٹ اجلاس اگلے ہفتے منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ قائمہ کمیٹی ہائوسنگ کے چیئرمین کے لئے سینیٹر ظفراللہ خان ڈھانڈلا ، نے نام تجویز کیا اور سینیٹر سیف اللہ خان بنگش نے تائید کی۔ سینیٹرز سید الحسن مندوخیل، چودھری تنویر خان، خالدہ پروین، نعمان وزیر، سجاد حسین طوری نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن