’’سانحہ12مئی‘‘ پاکستان بار کونسل آج یوم سیاہ منائیگی، حکومت شہداء کے قاتلوں کو گرفتار کرے، افتخار محمد چودھری
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان بار کونسل نے سانحہ 12 مئی کی یاد میں آج منگل کو ملک بھر میں یوم سیاہ منانے کا اعلان کردیا۔ بار ایسوسی ایشنز کے دفاتر پر سیاہ پرچم لہرائے جائینگے۔ وکلاء بازوئوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کرینگے۔ بار ایسوسی ایشنز کے دفاتر میں اس حوالے سے تقاریب کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔ واضح رہے 12مئی 2007ء کو کراچی میں خون کی ہولی کھیلی گئی اور کئی لوگ ہلاک اور شدید زخمی ہوئے تھے اور سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کو بھی کراچی ائرپورٹ پر محصور کردیا گیا تھا اور بعد ازاں انہیں واپس آنا پڑا تھا دریں اثناء سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ 12 مئی2007ء کو عدلیہ بحالی تحریک میں جانیں قربان کرنیوالے شہداء کو سلام پیش کرتا ہوں۔جمہوریت،آئین اور قانون کی بحالی میں12مئی کے شہداء نے ہر اول دستے کا کردار ادا کیا تھا۔ اپنے ترجمان کے ذریعے پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم تاقیامت12مئی کے شہداء کی احسان مند رہے گی۔12مئی 2007ء کو کراچی میں خوف کی فضاء قائم کی گئی تھی لیکن کراچی کے عوام نے جس جرات اور دلیری کا مظاہرہ کیا تھا اس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 12مئی کے شہداء کے قاتلوں کو کٹہرے میں لاکر انصاف دلایا جائے۔