• news

بے نظیر قتل کیس‘ عدالت کا مارک سیگل سے وڈیو لنک کے ذریعے بیان لینے کا فیصلہ

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر 1 کے جج رائے محمد ایوب مارتھ نے سانحہ لیاقت باغ ،سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں استغاثہ کے گواہ امریکی لابیسٹ صحافی مارک سیگل کا نیویارک سے ویڈیو لنک کے ذریعے بیان قلمبند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سلسلے میں وفاقی وزارت داخلہ اور پنجاب حکومت سے مطلوبہ انتظامات کرنے کے لئے مکتوب ارسال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ خصوصی عدالت میں ایف آئی اے کے سپیشل پبلک پراسیکیوٹر چودھری محمد اظہر نے ایف آئی اے کی جائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے رکن کے نام مارک سیگل کے ای میل پیغام کی کاپی پیش کی جس میں خصوصی عدالت میں شہادت کیلئے طلبی کے جواب میں مارک سیگل نے پاکستان آنے سے معذوری کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرا بیان نیویارک میں قلمبند کیا جائے یا ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا جائے ۔ مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہ جمیل اختر نے شہادت قلمبند کرائی ۔

ای پیپر-دی نیشن