• news

ریموٹ کنٹرول بم دھماکہ، امن کمیٹی کے سربراہ سمیت 6 افراد جاں بحق

باجوڑ ایجنسی+ ہنگو+ قلات (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں مقامی قبائلی امن کمیٹی کے سربراہ سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز نے تحصیل ٹل ہنگو کے مختلف علاقوں میں آپریشن کرکے 4دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پیر کو باجوڑ ایجنسی کی تحصیل ماموند کے علاقے زگئی میں دہشت گردوں نے سڑک کنارے نصب بارودی مواد نصب کر رکھا تھا جیسے ہی مقامی قبائلی امن کمیٹی کے سربراہ جان محمد کی گاڑی وہاں سے گزری تو بارودی مواد کے ذریعے نشانہ بنایا گیا اور ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کی مدد سے اڑا دیا گیا جس کے نتیجے میں جان محمد سمیت 6 افراد جاں بحق جب کہ گاڑی مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ محمد جان، قاری فضل ربی، ملک مسافر خان اور نور احمد سمیت 5 افراد جاں بحق ہو گئے، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور موقع پر پہنچ کر نعشوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال خار منتقل کر دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی مکمل تباہ ہو گئی اور انسانی اعضا دور دور تک بکھر گئے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف، عمران خان، سراج الحق، سابق صدرزرداری، گورنر ووزیر اعلی خیبرپی کے سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں باجوڑ ایجنسی کی تحصیل نائوگئی میں تباہی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تنگی چہارمنگ میں تین بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنا دیا۔ دریں اثناء پولیٹیکل ایجنٹ کے خصوصی ہدایت پر ایجنسی بھر میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کر دئیے گئے ہیں۔ ادھر قلات میں قومی شاہراہ سے دو دہشت گرد گرفتار کر لئے گئے۔ ترجمان ایف سی کے مطابق دونوں دہشت گرد قومی شاہراہ پر پبلک ٹرانسپورٹ پر حملوں میں ملوث ہیں۔ علاوہ ازیں کوئٹہ سے بیورو رپورٹ کے مطابق ڈیرہ اللہ یار میں خالی مکان کے اندر دھماکہ ہوا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، دھماکے سے قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ آئی این پی کے مطابق باجوڑ ایجنسی میں دہشت گردی کی کارروائیوں سے توبہ تائب ہونے والے 29 افراد پاک فوج کے نوائے سحر نامی تربیتی ادارے سے مختلف فنی تربیت حاصل کرنے کے بعد رہا کردیئے گئے۔ ان افراد کو ٹیلرنگ، الیکٹریشن اور کارپینٹر کے تربیت دی گئی۔ پیر کو اس سلسلے میں صدر مقام خار میں پاک فوج کے تربیتی ادارے نوائے سحر کے زیراہتمام ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں کمانڈنٹ باجوڑ سکائوٹس کرنل میر آمیر علی، پولیٹکل ایجنٹ باجوڑ محمد یحییٰ اخونزادہ، اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ خار سہیل احمد خان ، پاک فوج اورانتظامیہ کے حکام کے۔ قبائلی عمائدین اور مشران نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ باجوڑ سکائوٹس کرنل میر آمیر علی اور پولیٹیکل ایجنٹ باجوڑایجنسی محمد یحییٰ اخونزادہ نے کہاکہ دہشت گردوں نے اپنے ذاتی مفادات کے لئے اسلا م کو بدنام کیا۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردی معاشرے کا ایک ناسور ہے اور اس کی بڑی وجہ قرآن اور اسلام کے بنیادی تعلیمات سے روگردانی ہے۔ انہوں نے کہا ہم سب کو چاہیے اسلام کے بنیادی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارے ۔ انہوں نے تربیت حاصل کرنے والے افراد پر زور دیا کہ وہ صدق دل سے سماج دشمن سرگرمیوں سے توبہ کرکے اپنی ساری توجہ انسانیت کی خدمت اور علاقہ کی تعمیر و ترقی اور پرامن معاشرے کی قیام کے لیے وقف کریں، دہشت گردی ایک لعنت ہے اور آپ سب کو چاہئے کہ علاقہ میں دہشت گرد سرگرمیوں کی روک تھام میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کیساتھ ہر قسم کے تعاون کرنیوالوں کو بھی دہشت گرد ہی تصور کیا جائیگا ۔اس موقع پر تربیت مکمل کرنے والے شدت پسندی سے تائب ہونے والے افراد نے قرآن پر حلف لیتے ہوئے کہاکہ وہ اپنی سابقہ سرگرمیوں پر نادم ہیں اور آئندہ کے لیے پرامن رہیں گے۔آن لائن کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان نے گوادر ائرپورٹ کے قریب کارروائی کی اور فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد کو گرفتار کر لیا۔ ایف سی نے حب میں غیرقانونی طور پر سمگل کیا جانے والا 16050لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر لیا۔

ای پیپر-دی نیشن