شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ جاری، مکران کوسٹل ہائی وے پر پھر دھرنا
لاہور+ حب (نامہ نگاران+ نوائے وقت رپورٹ) شدید گرمی میں طویل اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث صارفین نڈھال ہوگئے اور سراپا احتجاج بن گئے جبکہ لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار ٹھپ ہوکر رہ گئے جبکہ کئی علاقوں میں پانی کی بھی شدید قلت رہی اور لوگ پانی کی بوند بوند کو بھی ترس گئے۔ اوماڑہ شہر میں 10 روز سے بجل یکی بندش کیخلاف احجاجی مظاہرہ کیا گیا اور شہریوں نے مکران کوسٹل ہائی وے پر کئی گھنٹے تک دھرنا دیا جس کے باعث مکران کوسٹل ہائی وے پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بھی شہروں میں 10 سے 12 اور دیہات میں 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی گئی جس پر لوگوں نے شدید احتجاج کیا ہے۔ حجرہ شاہ مقیم سے نامہ نگار کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی لوڈ شیڈنگ کا جن بھی بے قابو ہو گیا 10 سے 12گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ کی جارہی تھی جس میں اب مزید اضافہ ہوگیا۔ لوڈشیڈنگ میں اضافے کیخلاف شہر بھر کی سیاسی سماجی مذہبی تنظیموں سمیت مرکزی انجمن تاجران سراپا احتجاج بن گئے اور حکومت سے لوڈ شیڈنگ میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی ریجن بھر میںبجلی کی غیر اعلانیہ طول دورانیہ کی لوڈشیڈنگ نے عوام کا جینا محال کردیا۔ شہری علاقوں میں 12 گھنٹے جبکہ کئی علاقوں میں 16 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کے باعث امتحانات دینے والے طلبا و طالبات مسائل سے دوچار ہوگئے۔ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث گرمی کی ماری عوام بلبلا اٹھی۔ طلبہ و طالبات کے مطابق امتحانات کی تیاری کبلئے گھروں میں بجلی میسر نہیں ہوتی جبکہ امتحانی مراکز میں بھی لوڈشیڈنگ کے باعث کرب ناک صورتحال سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ ادھر اوماڑہ شہر میں بجل یکی بندش کیخلاف لوگوں نے مکران کوسٹل ہائی وے پر کئی گھنٹے سے دھرنا دیا جس کے باعث کراچی سے گوادر اور گوادر سے کراچی جانیوالے سینکڑوں مسافر پھنس گئے کیسکو ذرائع کے مطابق مقامی بجلی گھروں کو دس روز سے تیل فراہم نہیں کیا گیا۔ تیل کی عدم دستیابی کے باعث بجلی کی پیداوار بند پڑی ہے۔