مقبوضہ کشمیر: مجاہدین کا حملہ، 2 بھارتی پولیس اہلکار ہلاک: ایک اور فوجی نے خودکشی کرلی
سرینگر (اے ایف پی + کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں مجاہدین کے حملے میں (سینٹرل ریزرو پولیس فورس) کے 2 اہلکار ہلاک ہو گئے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل نتیش کمار نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کو بتایا سرینگر سے 40 کلو میٹر دور تیمولا گاؤں میں اہلکار گشت کر رہے تھے حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی جس سے دونوں موقع پر ہلاک ہو گئے۔ فوری طور پر کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی۔ جمعیت اہلحدیث جموں وکشمیر کے صدرمولانا غلام محمد بٹ المدنی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اور اسے ریاستی عوام کی خواہشات کے عین مطابق حل کرکے ہی امن سکون اور راحت کی فضا قائم ہو سکتی ہے۔ سری نگر میں جمعیت اہلحدیث جموں وکشمیر کی مرکزی مجلس مشاورت سے خطاب کرتے ہوے غلام محمدبٹ نے انسانی حقوق کی پامالیوں ، خواتین کے استحصال اور بیرون ریاست زیر تعلیم کشمیری طلباکو ہراساں کرنے کے عمل پر گہرے فکر و اضطراب کا اظہار کیا۔ ادھر بارہمولہ جیل میں مقید حریت پسندوں کی بھوک ہڑتال پر کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب نے تشویش کا اظہار کیا۔ کئی نظربندوں کے لواحقین سے ملاقی ہونے کے بعد زمردہ حبیب نے انہیں یقین دلایا کہ نظربندوں کو کسی بھی صورت میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا ۔انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ جان بوجھ کر جیلوں میں محبوسین کی اسیری کو طول دے رہی ہے۔ سری نگر کے نواح میں 2 کمسن طلبا دریائے جہلم میں ڈوب گئے۔ کرکٹ کھیلتے گیند دریا میں چلی گئی‘ نکالنے کی کوشش کے دوران دونوں کا پاؤں پھسل گیا مورخ عالم دین افضل فاضلی 103 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ دریں اثنا مقبوضہ کشمیر میں ایک اور بھارتی فوجی نے خود کشی کر لی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ادھر جواہر ٹنل بانہال میں تعینات ایک سی آر پی ایف اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے گولیاں چلاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔ جواہر ٹنل پر تعینات دھرم بیر سنگھ ولد لال سنگھ نے سروس رائفل سے خود پر کئی گولیاں چلائیں وہ خون میں لت پت ہوکر وہیں گر پڑا۔اسے فوری طور پر ایمرجنسی ہسپتال قاضی گنڈ پہنچایا گیا جہاں وہ دم توڑ گیا۔