اپوزیشن نے قائمہ کمیٹی خزانے کا اجلاس بلانے کیلئے درخواست جمع کرادی،پری بجٹ اجلاس نہ بلانے پر عدم اعتماد کا اظہار
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس بلانے کیلیے اپوزیشن ارکان نے درخواست جمع کرا دی۔ ریکوزیشن چیئرمین قائمہ کمیٹی خزانہ کو جمع کرائی گئی متن میں کہا گیا ہے بجٹ آنے میں 2 ہفتے رہ گئے ہیں۔ اب تک کمیٹی کا پری بجٹ اجلاس نہیں بلایا گیا۔ کمیٹی کا اجلاس بلا کر بجٹ، پی ایس ڈی پی اور نج کاری کے امور پر بحث کی جائے۔ ریکوزیشن پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے ارکان کی جانب سے جمع کرائی گئی۔ علاوہازیں قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اپوزیشن ارکان نے چیئرمین عمرایوب کی جانب سے پری بجٹ اجلاس نہ بلانے پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کمیٹی حکومتی کارکردگی پر نظر رکھنے کا کردار کھو چکی ہے۔ چیئرمین قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی مسلسل غیر حاضری پر کیوں خاموش ہیں۔