• news

عمران فاروق قتل کیس: سکاٹ لینڈ یارڈ کے افسر کی چودھری نثار سے ملاقات‘ جلد اہم پیشرفت متوقع

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کیس میں ڈرامائی موڑ آگیا، 48 گھنٹوں میں اہم پیشرفت متوقع ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق برطانیہ سے سکاٹ لینڈ یارڈ کے شعبہ کائونٹر ٹیررزم کے سربراہ رچرڈ والٹن نے گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار سے ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے برطانیہ کو آگاہ کیا ہے کہ وہ عمران فاروق قتل کیس کے شواہد دینے کیلئے تیار ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق جائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے مرکزی ملزم معظم علی سے تفتیش مکمل کرلی اور تفتیش کی تفصیلات برطانوی حکام کو ارسال کردی گئی۔ رپورٹ کی بنیاد پر معظم علی کو برطانیہ کے حوالے کیا جائیگا۔ برطانیہ ایک دو روز میں ملزم معظم علی کی حوالگی کیلئے براہ راست درخواست کریگا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مجرموںکی حوالگی کے معاہدہ پر اصولی اتفاق ہوگیا۔ اسی معاہدے کے تحت ملزم معظم علی کو برطانیہ کے حوالے کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق پاکستان نے برطانوی حکام پر واضح کیا ہے کہ علیحدگی پسند دو عمران فاروق کے قاتل لے لو۔ یاد رہے کہ بلوچی علیحدگی پسند رہنما حیربیار مری اور براہمداغ بگٹی برطانیہ میں رہ رہے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق برطانوی تفتیشی افسر برائے انسداد دہشت گردی کی وزیر داخلہ چودھری نثار سے ملاقات انہی معاملات کی کڑی ہے جو پیر کے روز سے پاکستان میں ہیں اور پاکستانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ برطانوی تفتیشی افسر ملزم معظم علی سے بھی پوچھ گچھ کرینگے۔ اس حوالے سے انہوں نے پاکستانی حکام سے ملزم تک رسائی کی درخواست کی ہے۔ برطانوی تفتیشی ٹیم میں سکاٹ لینڈ یارڈ، انچارج پولیس کمانڈر عمران فاروق قتل کیس شامل ہیں۔ ٹیم میں سیریس اینڈ آرگنائزڈ کرائم انویسٹی گیشن  ایجنسی، نیشنل کرائم ایجنسی کے اہلکار بھی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن