محبوب انور کا جھوٹ پکڑا گیا‘ منظم دھاندلی کا طریقہ کار سامنے آ گیا: عمران
اسلام آباد (آن لائن+ نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے پارٹی تو ابھی شروع ہوئی ہے، مسلم لیگ (ن) کی منظم دھاندلی کا طریقہ کار سامنے آگیا۔ سابق الیکشن کمشنر پنجاب مجبوب انور بیلٹ پیپرز کے معاملے پر جھوٹ پر جھوٹ بولتے رہے، کہتے ہیں انہوں نے 15 ہزار کی بجائے 30 ہزار اضافی بیلٹ پیپرز بھجوائے تھے۔ میرے حلقے میں 70 ہزار، حمزہ شہباز کے حلقے میں 62 ہزار، دیگر حلقے میں 1 لاکھ 20 ہزار اضافی بیلٹ پیپرز بھجوائے گئے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے مزید کہا اب تک حکومت کہتی رہی ہے تحریک انصاف کے پاس کوئی شواہد نہیں،آج تو کمال ہوگیا ہے، فیصلہ تو کمشن نے کرنا ہے اسے ہم آنکھیں بند کرکے تسلیم کریں گے مگر منظم دھاندلی کا طریقہ کار ضرور سامنے آگیا ہے۔ 25 سے 30 حلقوں کی نشاندہی کردی ہے۔ الیکشن کمشن اور حکومت نے کمشن کے روبرو اکٹھے ہونے کی کوشش کی تو اسکا بھی احتساب کریں گے۔ پارٹی تو ابھی شروع ہوئی ہے کون کون سے کھلاڑی اس میں ملوث ہیں جلد سامنے لائیں گے۔ حکومت 4 حلقوں کو ہمارے کہنے پر کھول دیتی تو ہم بعد میں صرف اتنا کہتے آئندہ انتخابات کیلئے اصلاحات کردی جائیں مگر جب حکومت نے ہمارا مطالبہ تسلیم نہ کیا تو ہم اب سارے حلقے کھولیں گے۔