منی لانڈرنگ، ایم کیو ایم کے ساتھ ڈیل کرنیوالے 2بھارتی تاجر لندن میں گرفتار
لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ میں الطاف حسین کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں دو نئے بھارتی نژاد برطانوی شہریوں لطیف جیوا اور یاسین حاجی کے نام بھی سامنے آئے ہیں۔ ان سے بھی منی لانڈرنگ کیس میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ لندن پولیس نے لطیف جیوا اور حاجی یاسین کے گھروں اور دفاتر پر چھاپہ مارا ہے۔ کارروائی اس وقت کی گئی جب لطیف جیوا کے اکائونٹ میں 4لاکھ پائونڈ کی رقم جمع کرائی گئی۔ جس کے بعد سکاٹ لینڈ یارڈ کی جانب سے دبئی حکام سے بھی رابطہ کیا گیا تاکہ دبئی میں لطیف جیوا کی جانب سے بھیجی گئی رقم وصول کرنے والے کی شناخت سامنے آ سکے۔ سکاٹ لینڈ یارڈ نے تصدیق کی ہے کہ یہ دونوں افراد ایم کیو ایم کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کا باقاعدہ حصہ ہیں۔ لطیف جیوا کو 12جنوری کو مانچسٹر پولیس نے بولٹن سے گرفتار کیا تھا۔ لطیف جیوا کے دو گھروں پر چھاپہ مارا گیا ان کا بزنس چند دنوں کیلئے سیز کیا گیا۔ پولیس وہاں سے بہت سے کاغذات اور ثبوت لے گئی تھی۔ لطیف جیوا نے پولیس کو بتایا کہ انہوں نے ایم کیو ایم کے ساتھ ڈیل کی تھی لیکن معلوم نہیں تھا کہ وہ اتنی بڑی مصیبت میں گرفتار ہو جائیں گے۔ معلوم نہیں تھا کہ الطاف حسین پر اتنی بڑی تفتیش ہو رہی ہے۔ میرے اکائونٹ میں جو رقم آئی وہ سرمایہ کاری کیلئے تھی۔ جیوا نے دبئی رقم آئی ایف ایکس کے ذریعے منتقل کی۔ لطیف جیوا کے مطابق انہوں نے ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے حاجی یاسین کے کہنے پر سرمایہ کاری کر رہے تھے جب پولیس نے لطیف جیوا کو گرفتار کیا تو اس پر پہلے ہی سے منی لانڈرنگ کا ایک کیس چل رہا تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق جب رقم دبئی پہنچائی گئی تو ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے رقم وصول کی۔