بنگلہ دیش کیخلاف ٹیسٹ سیریز جیتنے کی امید تھی، فاسٹ بائولرز کا ان فٹ ہونا تشویشناک ہے: مصباح الحق
لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس)پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ انہیں قوی امید تھی کہ پاکستانی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز جیتے گی۔ خوشی کی بات یہ ہے کہ پاکستانی ٹیم نے آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز میں جو اچھی کارکردگی دکھائی تھی اسے بنگلہ دیش میں بھی دہرایا۔ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کا ’کامبی نیشن‘ یا تال میل اچھا ہے اور وہ زیادہ تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔ کھلنا ٹیسٹ میچ کا ڈرا ہونا بہت مایوس کن تھا۔مصباح الحق نے تسلیم کیا کہ سست اوور ریٹ کے سبب جرمانے کے بعد ممکنہ معطلی کی تلوار ان کے سر پر لٹک رہی ہے۔ میرپور ٹیسٹ کی جیت کا سارا مزا اس جرمانے نے کرکرا کردیا۔فاسٹ بولرز کے ان فٹ ہوجانے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ لمحہ فکریہ ہے کیونکہ ایسی صورتحال میں کسی بھی ٹیم کا آگے بڑھنا مشکل ہوجاتا ہے اور پاکستانی ٹیم کے ساتھ مسئلہ یہ ہے کہ صرف ایک نہیں بلکہ پورا بولنگ اٹیک ہی سیٹ ہونے کے بعد ان فٹ ہو کے تبدیل ہوجاتا ہے۔