’’ادب اور اہل قلم کا پرامن معاشرے کے قیام میں کردار‘‘ کے موضوع پر یو ایم ٹی میں ہونے والی دو روزہ کانفرنس ختم ہوگئی
لاہور (کلچرل رپورٹر) اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام یونیورسٹی آف منیجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں ’’ادب اور اہل قلم کا پرامن معاشرے کے قیام میں کردار‘‘ کے موضوع پر منعقدہ دو روزہ کانفرنس ختم ہوگئی۔ کانفرنس کے دوسرے اور آخری روز دو ادبی اجلاس ہوئے۔ پہلے ادبی اجلاس کی صدارت ڈاکٹر ہمایوں ہما نے کی۔ مقالات پڑھنے والوں میں نصیر بلوچ، عبدالخالق تاج، بشریٰ نقی، ڈاکٹر مجاہد منصوری، ڈاکٹر اظہاراللہ اظہار، ڈاکٹر مرزا حامد بیگ پناہ بلوچ، ڈاکٹر احسان اکبر اور مسعود اشعر شامل تھے۔ دوسرے اجلاس کی صدارت ڈاکٹر منزہ یعقوب نے کی۔ نوشین صفدر، نعیم بیگ، احمد عطاء اللہ، سحر گل بھٹی، حفیظ خان، ڈاکٹر سعادت سعید اور انتظار حسین نے مقالے پڑھے۔ اختتامی اجلاس کی صدارت انتظار حسین نے کی انہوں نے کہا کہ امن کے موضوع پر بہت عمدہ کانفرنس ہوئی ہے اس موضوع پر مزید گفتگو ہونی چاہیے۔ اصغر ندیم سید نے کہا کہ اکادمی ادبیات پاکستان بہت فعال ہوگئی ہے ایسے حساس موضوع پر کانفرنس کرانا اور ملک بھر کے اہل قلم کو جمع کرنا ایک احسن قدم ہے۔