• news

کرکٹ کیلئے خدمات، سلیم ملک کو لاہور پریس کلب کی اعزازی ممبرشپ مل گئی

لاہور(سپورٹس رپورٹر/ نمائندہ سپورٹس) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک کی پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات کے اعتراف میں انہیں لاہور پریس کلب کی اعزازی ممبرشپ دینے کی تقریب نثار عثمانی آڈیٹوریم میں ہو ئی جس میںسابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود، عبدالقادر ودیگر نے شرکت کی۔ شرکاء نے تقریب میں سلیم ملک کی خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سلیم ملک کی خدمات کا احاطہ صرف ان الفاظ میں کریں تو غلط نہ ہوگا کہ پاکستان کی کرکٹ تاریخ انکے بغیر نامکمل ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ میرا اس کھلاڑی سے بہت پرانا تعلق ہے جس کے دوران بہت سی اچھی یادیں بھی وابستہ ہیں ۔گگلی ماسٹر کا کہنا تھا کہ سلیم ملک کی کلکتہ کی اننگز کو ہی یاد کیا جائے تو وہ ایسی تاریخ ہے جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے سلیم ملک کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہ لیجنڈ کھلاڑی کویہ پریس کلب کی اعزازی ممبر شپ دینا سپورٹس کمیٹی کا عمدہ اقدام ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہو گی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پریس کلب کی کمیٹی سابق کرکٹرز پر مشتمل ٹیم بھی تشکیل دے جس سے نہ صرف ملک بھر میں ٹورنامنٹس کا انعقاد کیا جا سکے گا بلکہ یہ کرکٹ معاملات پر بطور پریشر گروپ بھی کام کریگی اور پی سی بی کو کھیل میں ہونے والی زیادتیوں اور من مانیوں سے روکے گی۔انہو ں نے پریس کلب کی گورننگ باڈی اور سپورٹس کمیٹی سے کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات کو بھی اعزازی ممبرشپ دینے کا مطالبہ کیا۔سابق چیئرمین پی سی بی خالد محمود کا کہنا تھا کہ سلیم ملک کو میں ایک بڑا کھلاڑی مانتا ہوں انکی پاکستان کرکٹ کے لئے گراں قدر خدمات ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ اس سب معاملات کے ساتھ ساتھ میں پاکستان کرکٹ کو سب سے اہم سمجھتا ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ میرے دور میں ہی سلیم ملک کے خلاف انکوائریوں کا آغاز ہو اتھا جس کا مقصد پاکستان کرکٹ کو شفاف اور کرپشن سے دور کرنا تھا ۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے افسوس ہے کہ میں اس کام کو پایہ تکمیل تک نہیں پہنچا سکا ان معاملات کی تفصیلی چھان بین ہونی چاہیئے۔سابق چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ سلیم ملک کو پریس کلب کی اعزازی ممبر شپ دی گئی ہے جو کھیلوں سے وابستہ افراد کے لئے اچھا شگون ہے ۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق منیجر اظہر زیدی کا کہنا تھا کہ سلیم ملک جیسے کھلاڑی کرکٹ کا سرمایہ ہیں اور پاکستان کے لئے ان کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ یہ سلیم ملک کی پاکستان کرکٹ سے خدمات کا منہ بولتا ثبوت ہیں کہ انھیں پریس کلب کی اعزازی ممبر شپ دی جارہی ہے میں اس پر انھیں اور سپورٹس کمیٹی کو کامیاب تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔اس موقعہ پرلاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کا کہنا تھا کہ سلیم ملک اور پاکستان کرکٹ ایک ہی تصویر کے دو رخ ہیں ۔انہوں نے ملک میں کھیل کے فروغ اور بین الاقوامی سطع پر پاکستان کانام بلند کرنے کے لئے جو اقدامات کئے وہ قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ اس لیجنڈ کرکٹر کو پریس کلب لاہور کی اعزازی ممبر شپ دی جارہی ہے اور اس حوالے سے مجھے پر بہت بوجھ تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پریس کلب اور سلیم ملک کا دیرینہ رشتہ ہے اور کلب کی مثبت سرگرمیوں کو کامیاب بنانے کے لئے ان کا اہم کردار رہا ہے۔ انہوں نے اس کامیاب تقریب پر پریس کلب کی سپورٹس کمیٹی کی تعریف کی اور انہیں مشورہ دیا کہ وہ دیگر کھیلوں میں نمایاںکارنامے دکھانے والی شخصیات کو بھی سامنے لائیں تاکہ ان کی بھی ایسے ہی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔سنیئر صحافی زاہد مقصود کا سلیم ملک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سلیم ملک پاکستان کا ایسا کھلاڑی ہے جس کی ویڈیوز دیکھ دیکھ کر نئے کھلاڑیوں کی تربیت کی جا رہی ہے۔ انہوں نے نہ صرف پاکستان کرکٹ کی بلے بازی کی تاریخ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا بلکہ باؤلنگ میں بھی اہم کارنامے سر انجام دیئے۔انہوں نے کہا کہ سلیم ملک کے خلاف ہونے والی تمام انکوائریوں کے دوران کا بھی ساتھی رہا ہوں اور اس حوالے سے ہونے والے تمام واقعات کا چشم دید گواہ بھی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سلیم ملک ایک عظیم کھلاڑی ہے جس پر جتنی بھی گفتگو کی جائے کم ہو گی۔کراچی سے آنے والے مہما ن ظاہر شاہ کا کہنا تھا کہ سلیم ملک پاکستان کرکٹ کا عظیم سرمایہ ہیں ۔ان کے اعزاز میں آئندہ ماہ دو میچز کا انعقاد کیا جا رہا ہے مجھے خوشی ہو گی کہ وہ کراچی میں آکر کھیلیں۔

ای پیپر-دی نیشن