کئی شہروں میں لوڈشیڈنگ جاری، گوجرانوالہ میں بجلی کی 18 گھنٹے بندش کیخلاف شہریوں کا احتجاج
لاہور +گوجرانوالہ+ چیچہ وطنی (کامرس رپورٹر +نمائندہ خصوصی + نامہ نگار) کئی شہروں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری، کاروبار ٹھپ ہوگئے۔ لاہور میں بارش کے باعث درجہ حرارت گرنے اور بجلی کی طلب میں کمی کے باعث گذشتہ روز معمول سے کم لوڈشیڈنگ کی گئی شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ بجلی کمپنیوں کی جانب سے شہری علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم کر کے 6 دیہات میں 8 گھنٹے کر دیا۔ وزارت پانی وبجلی کے ذرائع کے مطابق گذشتہ روز بجلی طلب اور پیداوار میں تقریباً 24 فیصد فرق ریکارڈ کیا گیا ملک بھر میں صنعی صارفین کے لئے بھی لوڈشیڈنگ کم کر کے 4 گھنٹے کر دی۔ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ذرائع کے مطابق گذشتہ روز ملک میں بجلی کی مجموعی طلب تقریباً 13 ہزار میگاواٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ بجلی کی پیداوار 10 ہزار میگاواٹ کے لگ بھگ رہی۔ گوجرانوالہ میں 18 گھنٹے بجلی کی بندش کیخلاف شہریوں کا احتجاج، لوڈشیڈنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ گوجرانوالہ میں غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹوں تک پہنچا ہے، شہر اور اس کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بدترین غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث بجلی کی بندش کا مجموعی دورانیہ 18 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے جبکہ گورونانک پورہ، شاہین آباد، پیپلزکالونی، لوہیانوالہ اور دیگر علاقوںمیں شہریوں نے لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کرتے صورت حال کی بہتری کا مطالبہ کیا۔ چیچہ وطنی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نے صارفین کو بے حال کردیا ہے، گیس کی طویل لوڈشیڈنگ سے بھی عوام بری طرح تنگ آچکے ہیں۔