• news

مجوزہ نجکاری کیخلاف واپڈا ملازمین کا احتجاج، لیسکو آفس کے سامنے دھرنا جاری، کئی شہروں میں ہڑتال

لاہور (کامرس رپورٹر + نامہ نگاران) واپڈا کی مجوزہ نجکاری کیخلاف احتجاج کا سلسلہ جاری رہا اور کئی شہروں میں ہڑتال کی گئی۔ ملازمین نے لیسکو ہیڈ کو ارٹر آفس لاہور کے با ہر تیسرے روز بھی دھرنا دیا اور احتجاجی مظاہرہ کیا اس موقع پر بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد، روبینہ جمیل، یوسف بلوچ، اکبر علی خان، اسامہ طارق سیکرٹری ، عبداللطیف نظامانی، رانا عبدالشکور، مظفر متین، ساجد کاظمی اور دیگر نے خطاب کیا اور کہا کہ یوم احتجاج کئی شہروں میں منایا گیا اور وزیراعظم سے مطالبہ کیا گیا کہ قومی ادارے محکمہ بجلی کی مجوزہ نجکاری کرنے کی بجائے اس میںانتظامی اصلاحات کا نفاذ کر کے اس کی کارکردگی میں اضافہ کیا جائے۔ ایک قرارداد کے ذریعے کراچی میں دہشت گردی کی بنا پر 45 معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل پر سخت افسوس کا اظہار کرتے ہو ئے اس انسان دشمن کارروائی کی شدید مذمت کی گئی۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کا احتجاج اور دھرنا تیسرے روز بھی جاری رہا۔ حکام نے لیسکو ہیڈ آفس کے داخلی راستے بند کرا دیئے۔ لیسکو کی نجکاری کے لئے نجکاری کمشن کے ارکان اسلام آباد سے آئے ہوئے ہیں جنہوں نے پیر کے روز لیسکو حکام سے مذاکرات کرنے تھے لیکن واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے کارکنوں کی جانب سے لیسکو ہیڈ آفس کے سامنے دھرنے کے باعث معاملات آگے نہ بڑھ سکے جبکہ منگل کے روز خفیہ مقام پر ہونے والے مذاکرات بھی ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے سبوتاژ کر دیئے تھے۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے شیڈول کے مطابق چار روز تک احتجاج جاری رہے گا۔ نجکاری کا عمل آگے نہیں بڑھنے دیں گے، دھرنے کے باعث لیسکو ہیڈ آفس کے داخلی راستے بند رہے۔ گوجرانوالہ میں بھی واپڈا کی نجکاری کیخلاف ملازمین نے دفاتر کی تالہ بندی کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کی اور مطالبات نہ ماننے کی صورت میں مستقل تالہ بندی اور بجلی بند کرنے کی دھمکی دی۔ حجرہ شاہ مقیم سے نامہ نگار کے مطابق لیسکو حجرہ ڈویثرن میں واپڈا کی نجکاری کیخلاف پاکستان واپڈا ہائیڈرویونین حجرہ ڈویثرن کے چیئرمین کی کال پر دفاتروں کی مکمل تالا بندی کی گئی اور قلم چھوڑ ہڑتال کی گئی۔ بھکر سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا آفس بھکرمیں ملازمین نے احتجاجی دھرنا دیا ۔ جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز لیبر یونین جھنگ سرکل کے زیر اہتمام زونل چیئرمین ملک نورالحسن کی قیادت میں ایک ریلی نکالی گئی۔ میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین میانوالی فیسکو ڈویژن آفس میانوالی کے گیٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ایکسیئن آفس کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا کمپلیکس میں قلم چھوڑ ہڑتال اور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بورے والا سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا ڈسڑی بیوشن کمپنیوں کی مجوزہ نجکاری کے خلاف میپکو ملازمین نے مکمل ہڑتال کی اور دفاتر کی تالہ بندی کی۔ شور کوٹ سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا کی ممکنہ نجکاری کے خلاف ملازمین نے ہڑتال کی۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ سے نامہ نگار کے مطابق واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کی طرف سے فیسکو دفاتر کی مکمل تالہ بندی کی گئی۔ جڑانوالہ میں تمام دفاتر کی تالہ بندی کرتے ہوئے فیسکو ملازمین نے ہڑتال کئے رکھی۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرز یونین کی کال پر میپکو سرکل وہاڑی میں مکمل ہڑتال اورتالہ بندی ملازمین کا میپکو کمپلیکس کے احاطہ میں واپڈا کی نجکاری کے خلاف دھرنا دیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق آل پاکستان واپڈاہا ئیڈرو الیکٹر ک ورکرز یو نین کے زیراہتمام فیسکو میں نجکا ری کیخلاف بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن