• news

غداری کیس: خصوصی عدالت نے حدود سے تجاوز کیا، اسلام آباد ہائیکورٹ میں وفاق کا جواب

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ میں داخل کرائے گئے جواب میں وفاق نے کہا ہے کہ مشرف کے خلاف سنگین غداری کا مقدمہ سننے والی خصوصی عدالت نے اختیار سماعت سے تجاوز کیا ہے ، آرٹیکل 6 کے مقدمہ میں ملزموں کی نامزدگی ریاست کا اختیار ہے، خصوصی عدالت سنگین غداری کے مقدمہ میں ملزموں کی نامزدگی کا حکم نہیں دے سکتی لہٰذا خصوصی عدالت کا 21 نومبر 2014ء کا حکم غیرقانونی اور اختیارات سے تجاوز ہے۔ جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے مقدمے کی سماعت کی۔ توفیق آصف ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ اس کیس کی سماعت کے لئے لارجر بنچ تشکیل دیا جائے۔ جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کرنا ہے کہ کیا خصوصی عدالت ٹرائل کے دوران اس طرح کا حکم دے سکتی ہے یا نہیں، اس کے علاوہ یہ بھی دیکھنا ہے کہ کیا عدالت عالیہ اس کیس کی سماعت کر سکتی ہے یا نہیں۔ عدالت نے 19 مئی سے روزانہ کی بنیاد پر مقدمے کی سماعت کا حکم دیتے ہوئے مزید کارروائی ملتوی کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن