ایکنک نے لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے ، قومی صحت انشورنس پروگرام کی منظوری دیدی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ایکنک کے اجلاس میں 165.2 بلین روپے کی لاگت کے حامل لاہور اورینج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی منظوری دیدی۔ اس منصوبے کے لئے ایگزم بینک چین قرضہ دے گا اور حکومت پنجاب قرضے ادا کرے گی۔ اجلاس میں پی ایم قومی صحت انشورنس پروگرام کی بھی منظوری دیدی گئی۔ اس پر 9.1 بلین روپے لاگت آئے گی۔ اس سکیم کے تحت 23 اضلاع میں بھاری مقدار میں غریب خاندانوں کو صحت انشورنس کی سہولت دی جائے گی۔ سیکنڈری کیئر کے ضمن میں 2 ہزار روپے سالانہ فی خاندان پریمیم فراہم کیا جائے گا۔ سیکنڈری کیئر میں میٹرنٹی فوائد شامل ہوں گے۔ ڈے کیئر کی حد 50 ہزار روپے فی خاندان اور فی سال ہو گی۔ 9 مہلک بیماریوں کی ویکسین کے حوالے سے 26 بلین روپے کا پروگرام بھی منظور کر لیا گیا۔ ضلع جھنگ` حویلی بہادر شاہ میں ایک ہزار سے 12 سو میگاواٹ تک کا کمبائینڈ سائیکل پاور پلانٹ لگانے اور بلوکی میںبھی اتنی ہی قوت کے پاور پلانٹ لگانے کے دو منصوبوں کی اصولی منظوری دی گئی۔ پورٹ قاسم میں 12.9 بلین روپے کی لاگت سے 1320 میگاواٹ کا کول پلانٹ لگانے کی بھی منظوری دی گئی۔ اس طرح 500 کے وی ٹرانسمشن لائن بچھائی جائے گی۔ اکنامک کو ریڈز منصوبے کے تحت گوادر میں 11.2 بلین روپے کی لاگت سے تازہ پانی کا ٹریٹمنٹ نصب کرنے، پانی کی سپلائی کے منصوبے کو بھی منظور کر لیا گیا۔ دریائے سندھ پر حیدر آباد بائی پاس کے قریب پل بنانے کا منصوبہ بھی منظوری دی گئی۔ ریلویز کے 122.9 بلین روپے کے پہلے سے منظور شدہ منصوبوں پر عمل درآمد کرنے کی اجازت دیدی گئی۔اجلاس میں کراچی کے سانحہ میں جاں بحق ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔