افغانستان: طالبان مخالف علماء کونسل کے اجتماع پر فائرنگ‘ سربراہ سمیت 7 ہلاک
کابل (آئی این پی+ اے ایف پی+ بی بی سی) افغانستان میں طالبان مخالف علماء کونسل کے اجتماع پر فائرنگ کے نتیجے میںسربراہ سمیت7 افرادہلاک اور 7 زخمی ہوگئے ،طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی جبکہ ملک کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز کے 24 گھنٹے کے آپریشن میں 57 طالبان ہلاک اور 33 زخمی ہوگئے جبکہ 8 فوجی بھی مارے گئے ۔ افغان میڈیا کے مطابق جنوبی صوبہ ہلمند میں مسلح افراد نے علماء کونسل کے ایک اجتماع میں فائرنگ کرکے 7 افراد کو قتل کردیا۔علماء کونسل نے طالبا ن کیخلاف سکیورٹی فورسز کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت لشکر گاہ میں علما کونسل کا اجتماع جاری تھا کہ 2 طالبان عسکریت پسند وں نے فائرنگ کردی۔حملے میں 3سویلین اور2 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے ۔جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور بھی مارا گیا۔طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمد ی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے 15 افراد کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔بعض ذرائع کیمطابق مسجد سے بھی فائرنگ کی گئی ۔ ادھر 3 سے چار مسلح افراد نے ’’ پارک ہیلس ‘‘ گیٹ ہائوس میں گھس کر فائرگ کر دی ۔ یہ غیر ملکیوں میں بہت مقبول ہے ۔ متعدد افراد کے محصور ہونے کی اطلاع ہے ۔ پولیس نے کہا کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ۔